امریکہ میں گزشتہ روز ایک لڑکی کو پولیس آفیسرز نے گھسیٹ کر جہاز سے اتار دیا اور جب لڑکی کے ساتھ اس شرمناک سلوک کی وجہ سامنے آئی تو دنیا میں ہنگامہ برپا ہو گیا کیونکہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اس بناءپر بھی کسی کے ساتھ یہ سلوک ہو سکتا ہے۔ ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق خاتون ساﺅتھ ویسٹ ایئرلائنز کی پرواز پر امریکی شہر بالٹی مور سے لاس اینجلس جا رہی تھی۔ اسے کتوں سے شدید الرجی تھی جو اس کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی تھی۔ جب وہ جہاز میں آ کر بیٹھی تو کچھ دیر بعد ہی دو کتے بھی سوار کرا دیئے گئے جس پر لڑکی نے احتجاج کیا اور کتوں کو اتارنے کو کہا۔
اس پر ایئرلائنز کی انتظامیہ نے کتوں کو اتارنے کی بجائے لڑکی کو ہی اتارنے کا فیصلہ کر لیا اور پولیس کو بلا لیا۔ منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو پولیس آفیسرز آتے ہیں اور ایک لڑکی کو کمر سے کس کر اپنے بازوﺅں میں پکڑتا ہے اور تقریباً گھسیٹتے ہوئے باہر لیجاتا ہے۔ اس دوران لڑکی چلا رہی ہوتی ہے کہ ”مجھے ہاتھ مت لگاﺅ، میں پروفیسر ہوں، یہ میرے ساتھ تم کیا کر رہے ہو، کل میرے باپ کا آپریشن ہونے والا ہے، مجھے جانے دو۔‘ اس کے بعد لڑکی انہیں یہ بھی کہتی ہے کہ ”چھوڑو، میں خود چل کر جہاز سے اتر جاتی ہوں“ لیکن آفیسرپھر بھی اسے نہیں چھوڑتا اور گھسیٹتے ہوئے لیجاتا ہے۔ایئرلائنز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ”لڑکی اپنا طبی سرٹیفکیٹ نہیں دکھا سکی تھی جس پر اسے جہاز سے اتار اگیا، کیونکہ کتوں کی موجودگی کی وجہ سے اس کی صحت کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔“