برطانیہ میں کی گئی ایک حالیہ تحقیق میں دلچسپ انکشاف ہوا ہے کہ اکثر شوہر اپنی کمائی کا کچھ حصہ بیوی سے چھپا کر جمع کرتے رہتے ہیں تا کہ اسے اپنے خفیہ اور قابل اعتراض شوق پورے کرنے کے لئے استعمال کر سکیں ۔
ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ شوہر اپنی شادی شدہ زندگی کے دوران اوسطاً چار ہزار پاﺅنڈ (تقریباً چھ لاکھ پاکستانی روپے)، اور اسی طرح بیویاں بھی اوسطاً تین ہزار پاﺅنڈ (تقریباً ساڑھے چار لاکھ پاکستانی روپے) شریک حیات کی نظر سے پچا کر جمع کرلیتی ہیں۔
اس تحقیق کے شرکاءمیں سے 41 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ اس لئے کچھ رقم چھپا کر رکھتے ہیں کیونکہ وہ آزاد رہنا پسند کرتے ہیں جبکہ 23 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ ضرورت سے زائد خرچ کربیٹھنے کے خدشے کے پیش نظر کچھ رقم بچاکر رکھتے ہیں۔ ان میں سے 27 فیصدکا کہنا تھا کہ انہوں نے شریک حیات کے علاوہ کسی اور کے ساتھ چھٹیوں پر جانے اور مزہ کرنے کیلئے کچھ رقم بچانے کا سلسلہ شروع کررکھا تھا۔ تقریباً 20 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ نئی کار خریدنا چاہتے تھے جبکہ 20 فیصد ہی ایسے تھے جو نئے لباس اور جوتوں کیلئے چپکے چپکے بچت کررہے تھے۔
شریک حیات سے رقم بچا کر رکھنے والوں میں سے 23 فیصد ایسے بھی تھے کہ جن کا کہنا تھا کہ وہ ازدواجی تعلق ختم ہونے کی صورت میں مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے کچھ رقم خفیہ طورپر بچا کر رکھتے ہیں۔ ان افراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ان کی خفیہ بچت کا راز افشاءہونے کا خطرہ ہو تو وہ اسے فوری طور پر خرچ کرلینا پسند کریں گے۔ یہ سروے آٹو یورپ نامی کمپنی نے کروایا تھا۔