ٹیکسس میں سمندری طوفان کے بعد ساحل پر عجیب و غریب مخلوق نمودار


امریکی ریاست ٹیکسس میں سمندر طوفان کے بعد اس کے ساحل پر لمبے دانتوں والی ایک عجیب و غریب سمندر مخلوق دیکھی گئی ہے۔پریتی دیسائی نے مردہ حالت میں اس جانور کو ٹیکسس سٹی کے ساحل پر دیکھا اور ٹوئٹر پر پوچھا کہ یہ کیا ہے؟انھوں نے اس جانور کی کئی تصاویر کے ساتھ لکھا: ‘اچھا، حیاتیاتی ٹوئٹر، یہ کیا چیز ہے؟’ان کی یہ درخواست ماہر حیاتیات اور بام مچھلیوں کے ماہر ڈاکٹر کینیتھ ٹگھے کے پاس پہنچی جن کا ماننا ہے کہ لمبے دانتوں والیسانپ بام مچھلی یا ‘فینگ ٹوتھ سنیک ایل’ ہے۔ان کا کہنا تھا کی

 

یہ ‘گارڈن ایل’ یا ‘کونگر ایل’ بھی ہوسکتا ہے کیونکہ ‘یہ تینوں نسلیں ٹیکسس کے ساحل کے قریب پائی جاتی ہیں اور ان کے لمبے کیل نما دانت ہوتے ہیں۔’یہ سمجھا جا رہا ہے کہ تیز ہواؤں اور سیلاب کا باعث بننے والا سمندر طوفان ہاروری اس کو یہاں تک پہنچانے کی وجہ ہو سکتا ہے۔اس لمبے دانتوں والی سانپ بام مچھلی کو ‘ٹسکی’ بام مچھلی بھی کہا جاتا ہے اور یہ عام طور پر مغربی بحر اوقیانوس میں 30 سے 90 میٹر گہرائی میں پائی جاتی ہے۔پریتی دیسائی ساحل سمندر پر سمندری طوفان ’ہاروی‘ سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہی تھیں، انھوں نے بی بی سی کو بتایا: ‘یہ بالکل غیرمتوقع تھا، یہ ایسی کوئی چیز نہیں تھی جو عام طور پر آپ ساحل پر دیکھتے ہیں۔ میں نے سوچا یہ شاید گہرے سمندر کی کوئی مخلوق ہے جو ساحل تک آگئی ہے۔’ان کا کہنا تھا کہ ‘میرا ردعمل تجسس تھا، یہ جاننا کہ یہ ہے کیا چیز۔’پریتی دیسائی کا کہنا تھا کہ انھوں نے یہ تصاویر ٹوئٹر پر پوسٹ کیں کیونکہ وہ جانتی تھیں کہ بہت سے سائنسدان اس کا استعمال کرتے ہیں، اور جلد ہی ایک دوست نے ڈاکٹر ٹگھے سے رابطہ کروا دیا۔وہ کہتی ہیں: ‘میں بہت سے سائنسدانوں اور محققین کو فالو کرتی ہوں۔ ان لوگوں کی کمیونٹی انتہائی محترم ہے کہ وہ بہت مددگار ثابت ہوتے ہیں، خاص طور پر دنیا اور جانوروں اور پودوں کے نام سے متعلق سوالات کے جواب حاصل کرنے میں۔’ان کا کہنا تھا کہ وہ انھوں نے اس جانور کو ایسے ہی ساحل پر چھوڑ دیا تاکہ ‘قدرت اپنا کام جاری رکھ سکے۔