نوسرباز لوگوں کو لوٹنے کے ایسے نت نئے طریقے وضع کرتے ہیں کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ ایسے ہی اس برطانوی لڑکی نے انٹرنیٹ کے ذریعے لوگوں سے رقم ہتھیانے کا ایسا طریقہ اپنایا کہ آپ سوچتے رہ جائیں گے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق 21سالہ کیٹی رنگر نامی یہ لڑکی انسٹاگرام پر شیئر کی گئی نوزائیدہ بیمار بچوں کی تصاویر اٹھا لیتی اور پھر انہیں انٹرنیٹ پر ہی پوسٹ کرکے ظاہر کرتی کہ یہ خود اس کا بچہ ہے اور اسے فلاں فلاں بیماری ہے، جس کے علاج کے لیے رقم چاہیے۔ اس کی یہ اپیل پڑھ کر مخیر حضرات رقم دے دیا کرتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق کیٹی نے کچھ عرصہ قبل دو نوزائیدہ بچوں کی تصاویر کو اپنے اس گھناﺅنے کام میں استعمال کیا جن کے والدین کو پتا چل گیا۔ ان میں سے ایک بچے کی والدہ نے اس سے رابطہ کیا تو کیٹی نے اسے ’جنسی زیادتی‘ کی دھمکی دے دی۔ اس پر وہ پولیس کے پاس چلی گئی جس پر پولیس نے کیٹی کو گرفتار کرکے نوروک کراﺅن کورٹ میں پیش کر دیا۔ عدالت میں پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ کیٹی نے کچھ ویب سائٹس بنا رکھی تھیں جن پر وہ بچوں کی تصاویر پوسٹ کرکے لوگوں سے رقم مانگتی تھی۔ عدالت میں مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق کیٹی کو 2015ءمیں باسلڈن کراﺅن کورٹ کی طرف سے اسی نوعیت کے جرائم کی پاداش میں 2سال 9ماہ قید کی سزا دی جا چکی ہے۔