شادی کے بعد آپ کے اندر اس چیز کا اضافہ ہوجاتا ہے، یہ وزن نہیں بلکہ۔۔۔ جدید تحقیق میں دلچسپ انکشاف سامنے آگیا


شادی کے بہت سے فوائد ہیں، جن کا ذکر ہم سنتے ہی رہتے ہیں، لیکن سائنسدانوں نے ایک حالیہ تحقیق میں ایک ایسا فائدہ بھی دریافت کر لیا ہے کہ جس کا ذکر اکثر لوگوں نے پہلے نہیں سنا ہو گا۔
دی میٹرو کی رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد انسان کی طبیعت میں ٹھہراﺅ آجاتا ہے، اور شادی شدہ افراد نہ صرف اپنے مزاج پر بہتر کنٹرول حاصل کر لیتے ہیں بلکہ ان میں دوسروں کی خامیوں سے درگزر کرنے اور انہیں معاف کرنے جیسی خوبیاں بھی پیدا ہو جاتی ہیں۔

 

اس تحقیق کیلئے نیدرلینڈز کی ٹلبرٹ یونیورسٹی نے 199شادی شدہ جوڑوں کے حالات زندگی اور مزاج و طرز عمل کا مطالعہ کیا۔ یہ تحقیق 4سال تک جاری رہی جس کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ غیر شادی شدہ جوڑوں کی نسبت شادی شدہ جوڑے برداشت، درگزر اور معاف کردینے کی جانب زیادہ مائل ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کی ایک اہم وجہ یہ احساس ہوسکتا ہے کہ شادی جیسا اہم قدم اٹھانے کے بعد آپ کے حق میں بہتر یہی ہے کہ آپ مسائل کو حل کرنے پر توجہ دیں نہ کہ شریک حیات کی خامیوں پر توجہ رکھیں اور اپنی زندگی کو مزید تلخ کر لیں۔ شریک حیات کے متعلق اس خصوصی رویے کا اظہار شادی شدہ لوگوں کی عمومی زندگی میں بھی ہوتا ہے، اور یوں وہ مجموعی طور پر زیادہ حلیم، بردبار اور شفیق انسان بن جاتے ہیں۔