تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے اپنے ایک وڈیو پیغام میں تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کا تنقید کا نشانہ بنا ڈالا. تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے ویڈیو پیغام میں کراچی کی صورتحال پر عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کے بچے پانی میں کرنٹ کی وجہ سے مر رہے ہیں، آپ جیسی عوام ان کو چاہیے، آپ جیسی بھیڑ بکریاں ان کو چاہئیں،کراچی کے بارے میں کہا کہ یہاں کئی سیاسی جماعتیں حکومت میں آئیں مگر کسی نے نکاسی آب کے لیے کوئی کام نہیں کیا.
دوسری طرف خیبرپختونخوا میں کوئی جلسہ ہوتا ہے لوگ ناچتے ہوئے جاتے ہیں اور گاتے ہوئے آتے ہیں. عائشہ گلالئی نے کہا کہ کراچی کی صورتحال دیکھ کر مجھے افسوس ہوتا ہے اور اس سے زیادہ افسوس اس ملک کی عوام پر ہوتا ہے جن کے گھر تباہ ہو جائیں اور سڑکیں ٹوٹ بھی جائیں تب بھی یہ لوگ جلسوں میں جا کر ناچیں گے اور کبھی جیالے بن جائیں گے تو کبھی شیر، کبھی شیرنیاں بنیں گے تو کبھی کھلاڑی. انہوں نے اس پیغام میں جہاں عوام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا وہاں سیاسی جماعتوں کو بھی نہیں چھوڑا. عائشہ گلالئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا جسے تحریک انصاف نیا خیبر پختونخوا کہتی ہے، میں لوگ ڈینگی سے مر رہے ہیں مگر حکمرانوں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے. عائشہ گلالئی نے کہا کہ جب تک آپ کی سڑکیں ٹوٹیں گی نہیں اور آپ کے گھر تباہ نہیں ہوں گے تو انہیں نئے منصوبوں کے ٹھیکے کیسے ملیں گے؟ عائشہ گلالئی نے اپنے اس ویڈیو پیغام میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بلین ٹری منصوبے کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ درخت لگانے کا دعویٰ تو کیا جا رہا ہے لیکن یہ بتایا جائے کہ آخر درخت لگائے کہاں گئے ہیں؟ عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام کے ساتھ ایسا اس لیے ہو رہا ہے کہ عوام آواز نہیں اُٹھاتی اور جب تک آپ آواز نہیں اٹھائیں گے آپ کے ساتھ ایسا ہی سلوک ہوتا رہے گا.