20ڈالر کا کھانا، 12سو ڈالر کی ٹپ، امریکی جوڑے نے ویٹر کو مالا مال کردیا


انسان کی ہزاروں خواہشات ہوتی ہیں جن کی تکمیل کے لئے وہ دن رات تگ و دو کرتا رہتا ہے ، انہی خواہشات کو سینے میں دبائے انسان اس دنیا سے کوچ کر جاتا ہے ، مگر بعض اوقات محض خواہشات کا اظہار بھی ان کی تکمیل کا باعث بن جاتا ہے۔ایسا ہی ایک واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں مقامی ہوٹل پر ویٹر کی نوکری کرنے والی ایک خاتون کے ساتھ رونما ہوا جس نے اس کی زندگی ہی بدل تھی۔

تفصیلات کے مطابق فلوریڈا کے ایک مقامی ریستوران میں خاتون ویٹر نے ایک جوڑے کو برگر اور مشروب پیش کئے ، جوڑے کی عمر تیس سال سے کم تھی ۔ جب خاتون نے انہیں بل پیش کیا جو محض 20ڈالر تھا انہوں نے بل ادائیگی کے دوران خاتون سے پوچھا کہ اس کی خواہش کیا ہے، خاتون نے بتایا کہ وہ نرسنگ سکول میں تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہے اور اس خواہش کی تکمیل کے لئے ہی وہ یہاں نوکری کر رہی ہے، جوڑے نے خاتون کو جاتے ہوئے ایک لفافہ پکڑایا اور اسے کہا کہ آپ ہمارے جانے کے بعد اسے کھولیے گا، جوڑا وہاں سے فورا چلا گیا مگر جب خاتون نے لفافہ کھولا تو اس کی حیرت کی انتہاءنہیں رہے کیوں کہ لفافے میں12سو ڈالر کا چیک تھا اور ساتھ ہی ایک نوٹ بھی تھا جس میں لکھا ہوا تھا کہ خدا آپ کی مدد کرے اور آپ دنیا کی ایک بہترین نرس بنیں،یہ چھوٹا سا نذرانہ آپ کی خدمات کا اعتراف نہیں بلکہ آپ کے خواب کی تکمیل کی جانب پہلا قدم ہے۔ 
خاتون ویٹر سائیجل کا کہنا تھا کہ دنیا میں نیک انسانوں کی کوئی کمی نہیں ہے ، میرے خواب کے بارے میں جان کر اس جوڑے نے جو اقدام اٹھایا ہے وہ مجھے زندگی بھر یاد رہے گا اور اس طرح میں اپنے خواب کی تکمیل کر پاﺅں گی۔