چین نے پاکستان پر امریکی صدر کی الزام تراشی مسترد کردی


بیجنگ: چین نے پاکستان پر امریکی صدر کی الزام تراشی مسترد کردی اور کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ بھرپور اندازسے لڑ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد چین پاکستان کی حمایت میں سامنے آگیا، ترجمان چینی دفترخارجہ نے میڈیا بریفنگ میں امریکی صدر ٹرمپ کے جانب سے پاکستان پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں امن کے لیے پاک امریکا کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ بھرپور انداز سے لڑ رہا ہے۔

چینی دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کیں، عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی،سفارتی تعلقات ہیں، توقع ہے امریکی پالیسیاں خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دیں گی

یاد رہے کہ افغانستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق امریکی پالیسی بیان کرتے ہوئے پاکستان سے پھر ڈومور کا مطالبہ کیا جبکہ ساتھ ساتھ پاکستان کو دھمکیاں دے ڈالیں اور کہا اربوں ڈالر دیئے ہیں نتائج چاہئیں، پاکستان کو دہشت گردوں کےٹھکانوں کا صفایا کرنا ہوگا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی کہ افغانستان میں ہماراساتھ دینے پر پاکستان کوفائدہ ہوگا، دوسری صورت میں اسے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا،  پاکستان اکثر ان افراد کو پناہ دیتا ہے، جو افراتفری پھیلاتے ہیں، پاکستان ہمارا اہم اتحادی ہے، پاکستان نےدہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھایا ہے۔