ہاتھیوں نے بدترین سیلاب میں پھنسے سیاحوں کی جان بچا لی


نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو سے 50 میل کے فاصلے پر واقع راپتی دریا ابل پڑا اور اس کے کنارے واقع سوراہا گاؤں زیر آب آگیا۔

یہ گاؤں ایک نیشنل پارک کے قریب واقع ہے جہاں 6 سو سے زائد نایاب گینڈے موجود ہیں اور منفرد جنگلی حیات کا مشاہدہ کرنے کے لیے سال بھر یہاں سیاحوں کی آمد و رفت جاری رہتی ہے۔

ان سیاحوں کے لیے یہاں کئی ہوٹل اور ریستوران بنائے گئے ہیں جن کے سیلاب میں گھر جانے کے بعد ان میں موجود 6 سو کے قریب سیاح محصور ہوگئے۔

گروپ آف سوراہا ہوٹل کے مالکان کے مطابق مختلف ہوٹلوں میں پھنسے 3 سو سیاحوں کو ہاتھیوں کے ذریعے ریسکیو کر کے قریبی علاقے بھارت پور منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مزید کئی سیاحوں کو بچایا جانا باقی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت، نیپال اور بنگلہ دیش میں حالیہ سیلاب اور اس کے باعث ہونے والی خطرناک لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک 500 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔

سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے تینوں ممالک میں بڑے پیمانے پر امدادی کام جاری ہے۔