خاتون اپنے گھر کے ٹوائلٹ گئی، پانی کا رنگ عجیب سا لگا تو استعمال کرنے کی بجائے کموڈ فلش کردیا لیکن پھر اچانک ۔۔۔۔۔


کوبرا سانپ کا تصور کرکے ہی انسان کے پسینے چھوٹ جاتے ہیں لیکن تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کی بدقسمتی کا اندازہ کیجئے کہ بیچاری کموڈ پر بیٹھنے لگیں تو اس میں سے خوفناک کوبرا سانپ نکلا آیا۔ خاتون کی قسمت اچھی تھی کہ بیٹھنے سے پہلے ہی نظر پڑ گئی ورنہ نجانے کیسا دردناک سانحہ پیش آ جاتا۔
ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق ٹمبون پان تھونگ شہر سے تعلق رکھنے والی خاتون تانیا رات یونگ سوک کا کہنا ہے کہ وہ ٹوائلٹ استعمال کرنے کیلئے گئیں تو کموڈ میں موجود پانی کا رنگ کچھ عجیب سا لگا۔ جب انہوں نے فلش چلایا تو اچانک ایک کوبرا سانپ نے اپنا سر اس میں سے نکالا اور پھن پھیلا کر کھڑا ہوگیا۔ سانپ کی لرزا دینے والی پھنکار سن کر خاتون چلاتی ہوئیں ٹوائلٹ سے باہر بھاگیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنا سانس بحال کرنے میں کافی وقت لگا جس کے بعد انہوں نے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کو کال کی۔ ایمرجنسی اہلکار کچھ ہی دیر میں ان کے گھر پہنچ گئے البتہ سانپ کو پکڑنے کیلئے آدھے گھنٹے کی تگ و دو کرنا پڑی۔ بالآخر اسے پکڑنے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کردیا گیا ۔

یاد رہے کہ کوبرا سب سے زہریلا سانپ تو نہیں لیکن یہ زہر کی بڑی مقدار خارج کرتا ہے۔ اس کے طاقتور جبڑے اپنے شکار کو جلد نہیں چھوڑتے اور یوں زہر کی بھاری مقدار اس کے جسم میں داخل ہوجاتی ہے۔ سب سے زہریلا سانپ نہ ہونے کے باوجود بھی یہ جس بدقسمت کو کاٹ لے اس کا بچنا تقریباً ناممکن ہوتا ہے۔ تھائی لینڈ کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں سانپ کے کاٹے سے اموات کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ یہ اموات زیادہ تر دیہاتی علاقوں میں ہوتی ہیں۔