’دوران پرواز یہ شرمناک کام کرنے والے مسافروں کی تعداد میں گزشتہ برس ہوشربا اضافہ ہوگیا‘ ایسے اعداد وشمار سامنے آگئے کہ لوگوں کو ہوائی سفر سے ہی ڈر لگنے لگے


شراب نوشی کا شوق اہل مغرب میں بے حد مقبول ہے لیکن یہ کام صحت کے لئے اچھا نہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شراب نوشی صرف پینے والوں کی صحت کے لئے ہی خطرناک نہیں بلکہ ان کے اردگرد موجود لوگوں کے لئے بھی بڑا خطرہ ہے۔ اس کی ایک مثال وہ شراب نوش ہیں جو فضائی مسافروں اور عملے کے لئے ایک بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔ ائیرپورٹوں اور ہوائی جہازوں میں نشے میں دھت ہونے والے مسافروں کی گرفتاری میں گزشتہ ایک سال کے دوران 50 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ گزشتہ سال ائیرپورٹ پر یا ہوائی جہاز میں شراب پی کر ہنگامہ کرنے والے387 مسافروں کو گرفتار کیا گیا۔

میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق مسافروں کی بڑی تعداد طیارے میں سوار ہونے سے پہلے ائیرپورٹ پر ہی شراب نوشی کر لیتی ہے۔ یہ افراد جب طیارے میں پہنچتے ہیں تو اکثر لڑائی جھگڑے اور بعض اوقات ساتھی مسافروں یا فضائی عملے پر جنسی حملے بھی کرتے ہیں۔ بعض اوقات ان کی ہنگامہ خیزی مسافروں کے لئے خطرہ بھی بن جاتی ہے اور کئی بار ایسے ہنگاموں کی وجہ سے طیاروں کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ چکی ہے۔
ورجن ائیرلائن کی سابق کریو منیجر ایلی مرفی نے اس خطرناک صورتحال کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ” شراب نوشی کرنے والے مسافر ہمیں کسی شراب خانے میں کام کرنے والی لڑکیاں سمجھتے ہیں۔ وہ ہمارے جسم کو چھونے سے بھی نہیں ہچکچاہتے۔ مجھے خود اس طرح کے واقعات کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔ ایک بار تو ایک مدہوش مسافر نے میری یونیفارم کے اندر ہاتھ داخل کر دیا تھا۔“