عمر بھر کا رشتہ استوار کرنے سے پہلے بہت کچھ دیکھنا ضروری ہوتا ہے۔ کبھی بزرگ رشتہ ڈھونڈنے نکلا کرتے تھے اور شکل و صورت سے لے کر تعلیم اور خاندانی پس منظر تک ہر بات کی تسلی کیا کرتے تھے، لیکن شاید سوشل میڈیا کے جدید دور میں یہ سب کچھ غیر ضروری قرار پا گیا ہے۔ آج کل انٹرنیٹ پر ملاقاتیں ہوتی ہیں اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے بات محبت اور شادی تک بھی پہنچ جاتی ہے، مگر ایسی جلدی اور بے احتیاطی کا نتیجہ کچھ اچھا نہیں ہوتا۔ ادھیڑ عمر برطانوی بزنس مین بیری پرنگس کے ساتھ پیش آنے والا المناک واقعہ بھی اسی غلطی اور اس کے عبرتناک انجام کی مثال ہے۔
اخبار دی مرر کی رپورٹ کے مطابق یوکرین میں بیری کی ناگہانی موت سے متعلق برطانیہ میں جاری مقدمے میں ان کے قریبی دوست پیٹر کلفرڈ نے ڈیوان کاﺅنٹی ہال کی عدالت کو بتایا کہ 2007ءمیں بیری کی ملاقات انٹرنیٹ کے ذریعے ایک یوکرینی لڑکی زیوزینا سے ہوئی تھی اور 2008ءمیں انہوں نے شادی کر لی تھی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ زیوزینا دراصل ایک فحش رقاصہ تھی لیکن اس نے ڈیٹنگ ویب سائٹ پر خود کو ایک ٹیچر ظاہر کررکھا تھا۔ بیری اپنے کاروبار کے سلسلے میں اکثر یوکرین آتے جاتے رہتے تھے اور انٹرنیٹ پر شناسائی بڑھنے کے بعد انہوں نے یوکرینی دارالحکومت کیف میں زیوزینا سے پہلی ملاقات کی۔ بیری کے بھائی شوگان نے بتایا کہ جنوری 2007ءمیں ان کی شادی ہوئی اور ایک سال بعد، جب بیری کیف میں ہی تھا، تو انہیں زیوزینا کا ٹیلی فون آیا۔ اس نے بتایا کہ بیری سڑک پر حادثے میں ہلاک ہوگیا تھا۔ بیری کے والدین کو بتایا گیا کہ وہ کیف میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر ٹیکسی کا منتظر تھا کہ ایک تیز رفتار گاڑی نے اسے کچل دیا۔