میری انٹرنیٹ پر اس آدمی سے جان پہچان ہوئی ‘ ملنے گئی تو اس کی بہن نے مجھے پکڑ لیا


لندن (نیوزڈیسک) انٹرنیٹ پر ایسی ویب سائٹوں کی بھرمار ہے جہاں نوجوان نسل سماجی رابطے کے نام پر اجنبیوں کے ساتھ مراسم استوار کرتی نظر آتی ہے۔ بدقسمتی سے نوعمر لڑکیاں اور خواتین بھی ایسی ویب سائٹوں کی مدد سے دوستی اور محبت تلاش کرنے کی کوشش کرتی ہیں، لیکن اس کا نتیجہ بہت بھیانک بھی ہو سکتاہے۔انٹرنیٹ پر محبت تلاش کرنے کی کوشش میں زندگی برباد کر لینے والی ایک برطانوی خاتون بھی ایسی ہی عبرتناک مثال ہے۔

 ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق اس خاتون کی ملاقات ویب سائٹ match.comکے ذریعے کولن لیکاک نامی شخص سے ہوئی۔ یہ خاتون اپنے خاوند کے ظلم و ستم سے تنگ آ کر اس سے علیحدٰہ ہو چکی تھی، اور اب پھر سے ایک اچھی زندگی کی تلاش میں تھی۔ اسے لگا کہ کولن لیکاک اس کی زندگی میں دوبارہ خوشیاں لوٹا سکتا ہے۔ دونوں کے درمیان بات چیت کا آغاز جلد ہی دوستی میں بدل گیا اور خاتون لند ن میں واقع کولن لیکاک کے فلیٹ میں منتقل ہو گئی۔
اس کی بدقسمتی تھی کہ جلد ہی کولن اور اس کے درمیان محبت کا تعلق ایک پرتشدد اور بھیانک رشتے میں بدلنے لگا۔ کولن خود تو اس سے بدسلوکی کرتا ہی تھا، لیکن اس کی بہن منڈی لیکاک نے تو بے رحمی کی حد ہی کر دی۔ منڈی نے مظلوم خاتون کو گھر میں قید کر لیا اور روز اس پر تشدد کرتی تھی۔ وہ اس سے گھر کے سارے کام کرواتی اور کوئی غلطی ہو جاتی تو ڈنڈے سے اس کی پٹائی کرتی تھی۔ وہ بعض اوقات سزا دینے کیلئے اسے باتھ ٹب میں لٹا کر جسم پر تیزاب گرا دیتی تھی۔ ایک سال تک متاثرہ خاتون کو کولن اور اس کی بہن نے اپنے فلیٹ میں قید رکھا۔ قید کے دوران کولن اس پر جنسی تشدد کرتا تھا جبکہ اس کی بہن اسے جسمانی تشدد کا نشانہ بناتی تھی۔
لندن پولیس نے کا کہنا ہے کہ ملزم کولن لیکاک کوگرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کاروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ متاثرہ خاتون کی جسمانی اور ذہنی حالت شدید متاثر ہوئی ہے، جس کے پیش نظر اسے ایک خصوصی مرکز صحت میں رکھا گیا ہے، جہاں اس کا جسمانی و نفسیاتی علاج جاری ہے۔