برطانیہ میں ایک جوڑے نے نیا گھر خریدا اور جب اس میں منتقل ہوئے تو دیواروں اور لکڑی سے بنے فرش میں سے عجیب و غریب آوازوں نے ان کا جینا دوبھر کر دیا۔ جب انہوں نے فرش اکھاڑ کر دیکھا تو ایسی خوفناک چیز برآمد ہو گئی کہ وہ ڈر کے مارے باہر بھاگ نکلے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق 23سالہ رابیکا ویسٹ نامی لڑکی اور اس کے 31سالہ شوہر ڈینئیل بوڈلے نے برطانوی شہر لیڈز میں یہ گھر خریدا۔ جب وہ اپنے 17ماہ کے بیٹے کو ساتھ لیے گھر میں منتقل ہوئے تو دیواروں اور فرش سے آتی عجیب و غریب آوازیں سن کر پریشان ہو گئے۔
بالآخر انہوں نے آوازوں کی وجہ جاننے کے لیے فرش کی لکڑی توڑی تو نیچے سے ایک خوفناک سانپ برآمد ہو گیا۔ انہوں نے مدد کے لیے ریسکیو والوں کو بلایا تو معلوم ہوا کہ گھر میں ایک نہیں بلکہ کئی سانپ موجود ہیں جو فرش اور دیواروں کی لکڑی کے نیچے رہ رہے ہیں۔ چنانچہ انہیں پورے گھر کے فرش اور دیواروں کی لکڑی توڑنی پڑ گئی۔ رابیکا کا کہنا تھا کہ ”گھر میں منتقل ہونے کے بعد جب ہم نے آوازیں سنیں تو پہلے تو ہم سمجھے کہ کوئی چوہا ہے۔ کچھ دن بعدہمیں گھر میں سانپ کی اتاری ہوئی جلد ملی جس پر ہمیں شبہ ہوا۔ ہم نے فرش توڑا تو نیچے سے خوفناک سانپ نکل آیا۔ یہ اکیلا نہ تھا، نیچے کئی سانپ موجود تھے جنہوں نے درجنوں بچے بھی دے رکھے تھے۔مجھے تو یوں لگتا ہے جیسے یہ سانپ اس گھر کے پرانے کرایہ داروں نے چھوڑے تھے۔“