لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک میاں بیوی کے گھر سے پراسرار طور پر مہنگے ہینڈ بیگ، موبائل فون، زیورات اور رقم چوری ہو رہی تھی۔ پھر ایک روز شوہر نے فیس بک پر ایسی خاتون کو اپنی بیوی کے چوری شدہ زیوارت پہنے دیکھ لیا کہ دنگ رہ گیا۔ وہ سوچ بھی نہ سکتا تھا کہ یہ خاتون اس کے گھر سے اشیاءچراتی رہی ہو گی۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق برطانوی علاقے واروک شائر کے57سالہ کلف اور42سالہ پیرس بریڈلے نامی میاں بیوی کے گھر سے کچھ عرصے سے مہنگی اشیاءچوری ہو رہی تھیں لیکن چور کا کوئی سراغ نہیں مل رہا تھا۔ پھر ایک روز کلف نے فیس بک پر اپنی نوکرانی کی تصویر دیکھی جس میں اس نے کانوں میں پیرس بریڈلے کے سونے کے زیورات پہن رکھے تھے۔
فیران نامی اس 47سالہ نوکرانی کو انہوں نے گھر کی صفائی کے لیے ہفتہ وار50پاﺅنڈ (تقریباً 7ہزار روپے)پر رکھا ہواتھا۔ یہ تصویر دیکھنے کے بعد انہوں نے پولیس کو رپورٹ دی۔ پولیس نے جب فیران کو گرفتار کرکے تفتیش کی تو اس نے تمام چوریوں کا اعتراف کر لیا۔ یوں نوکرانی کو فیس بک پر چوری کے زیورات کی نمودونمائش کرنا مہنگا پڑ گیا۔ پیرس بریڈلے کا کہنا تھا کہ ”اچانک ہمارے گھر سے مہنگی اشیاءحتیٰ کہ ہمارے 8سالہ بیٹے کی بچت کی رقم بھی غائب ہونا شروع ہو گئی جس پر ہم شدید پریشان تھے۔ فیران پر ہمیں کبھی بھی شبہ نہیں ہوا۔ ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ وہ ہمارے گھر سے چوری کرے گی۔ ایک بار تو میں نے اپنے بیٹے پر ہی رقم چوری کا الزام لگا دیاتھا کیونکہ چوری ہونے والا کچھ زیور اس کے کھلونوں والے ڈبے سے برآمد ہوا تھا۔ اب ہمیں معلوم ہوا کہ اس ڈبے میں بھی یہ زیور فیران نے رکھا تھا، تاکہ موقع پا کر اسے وہاں سے نکال کر لے جائے۔