ٹوکیو(اردو آفیشل) جاپان میں ایک 62سالہ مرد نے اپنے سے آدھی عمر کی خاتون سے شادی کی لیکن دونوں میں کچھ عرصہ بعد ہی طلاق ہو گئی۔ طلاق کے بعد غصے سے بپھری خاتون چپکے سے ایک روز اس مرد کے گھر میں داخل ہوئی اورمرد سے ایسا انتقام لیا کہ اسے کروڑوں کا نقصان پہنچا دیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ شخص انتہائی قیمتی اورنایاب وائلن (موسیقی کاساز)جمع کرنے کا شوقین تھا اوراس کے پاس ان کا بڑا ذخیرہ موجود تھا۔
طلاق کے بعد اس کی 34سالہ سابق بیوی اس کے گھر میں گھسی اور اس کے تمام وائلن توڑ ڈالے جن کی مالیت ساڑھے 9لاکھ ڈالر(تقریباً10کروڑ روپے) تھی۔ رپورٹ کے مطابق اس شخص کی کولیکشن میں 54وائلن تھے ،خاتون نے سارے کے سارے توڑ ڈالے۔ ان میں اٹلی کے بنے ہوئے ایک وائلن کی قیمت50لاکھ ین (تقریباًساڑھے 47لاکھ روپے) تھی۔جاپانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ خاتون چینی شہری ہے جو سابق شوہر کے وائلن توڑ کر واپس چین چلی گئی تھی۔ گزشتہ دنوں وہ واپس ٹوکیو آئی جہاں اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔