ممبئی (تازہ ترین اخبار۔ 24 جولائی 2017ء): بھارت کی 34 سالہ بائیکر خاتون ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق 34 سالہ جگروتی ویراج دو خواتین کے ہمراہ بیندرا سے معروف سیاحتی مقام جوہار جا رہی تھیں۔ راستے میں ہائی وے پر جگروتی نے اپنی بائیک کو سڑک پر گڑھے سے بچاتے ہوئے ایک تیز رفتار ٹرک کو اوور ٹیک کیا اور پھر اسی ٹرک کے نیچے آ گئیں۔
جگروتی بھارت کی خاتون بائیکرز کلب کی ممبر تھیں۔ ممبئی پولیس کے مطابق وہ اکثر ہی ایسے سیاحتی دوروں پر جاتی تھیں اور اس مرتبہ بھی وہ اس ٹرپ کی رہنمائی کر رہی تھیں۔ جگروتی کے ٹرک سے ٹکرانے پر ان کی دیگر دوستیں ان سے محض 20 میٹر کے فاصلے پر تھیں لیکن جیسے ہی وہ جگروتی تک پہنچیں وہ دم توڑ چکی تھیں۔ ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے انڈین پینل کوڈ کے سیکشن 304a (ڈرائیونگ میں غفلت) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر بائیک چلاتے ہوئے جگروتی کا اندازہ درست ہونا چاہئیے تھا۔ اگر جگروتی نے ہیلمٹ پہنا ہوتا تو ہو سکتا ہے اس کی جان بچ جاتی ۔ جگروتی کی موت پر ان کے کلب کی تمام ممبرز میں سوگ کی ایک لہر دوڑ گئی ہے۔