مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کی ایک بار پھر سے چڑھائی،مصر نے اسرائیل سے تشدد روکنے کا مطالبہ کر دیا
اردو آفیشل مصر نے اسرائیل کو مسجد اقصی میں جارحیت کے نتائج سے خبردار کرتے ہوئے مسلمانوں کے قبلہ اول میں فوری طور پر تشدد روک دینے کا مطالبہ کردیا ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں متنبہ کیا گیا ہے کہ مسجد اقصی میں اسرائیل کی جانب سے سکیورٹی کے نام پر چڑھائی کرنے اور مسجد اقصی کے امام شیخ عکرمہ صبری کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کے خطرناک اور سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔بیان میں اسرائیل سے پرتشدد کارروائیاں روکنے ، آزادی عبادت اور مذہبی مقامات مقدسہ کے احترام کرنے ، فلسطینی عوام کے آزادی اور امن کے ساتھ ان کے مذہبی شعار انجام دینے کا حق تسلیم کرنے اور تنازع کو مزید بھڑکانے کے لیے مزید اقدامات سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔مصری وزارت خارجہ کے مطابق یہ تمام امور دو ریاستی حل پر مبنی منصفانہ اور جامع امن تک پہنچنے کا موقع سبوتاژ کر دیں گے۔