ماں نے جب اپنی شادی پر مرحوم بیٹے کی دھڑکن سنی تواس کی کیاحالت ہوئی؟


الاسکا(اردو آفیشل )بیکی ٹرنی کے منگیتر کیلی نے انھیں شادی کے موقعے پر ایک خاص تحفہ پیش کیا تو حیران رہ گئیں۔بیکی ٹرنی کے مردہ بیٹے ٹرسٹن جسمانی طور پر تو جمعے کے روز الاسکا میں اس شادی کے موقع پر موجود نہ تھے لیکن ان کا دل وہاں موجود تھا۔ٹرسٹن 19 سال کی عمر میں سنہ 2015 میں انتقال کر گئے تھے ۔دولھے نے اپنی دلھن کے لیے ایک خاص تحفے کا انتظام کر رکھا تھا، اور وہ تحفہ بیکی کی جیکب کلبی نامی اس نوجوان شخص سے ملاقات تھی جو ان کے مرحوم بیٹے کا دل لیے زندہ تھے۔کیلی نےبرطانوی خبررساں ادارے کو بتایا کہ ’میں نے بیکی اور کلبی کے درمیان ملاقات کروانے کے بارے میں چار پانچ ماہ قبل ہی سوچ لیا تھا، کلبی ایک زبردست انسان ہیں۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم ہر کسی کو اپنے اعضا عطیہ کرنے کا کہتے ہیں۔ اس سے کئی جانیں بچتی ہیں اور ہماری زندگیاں ہمیشہ کے لیے تبدیل ہو جاتی ہیں۔‘شادی والے دن جب کلبی وہاں اچانک آ پہنچے تو 40 سالہ بیکی نے سٹیتھوسکوپ کلبی کے سینے سے لگا کر اپنے بیٹے کے دل کی دھڑکن سنی۔ دل کو چھو لینے والے ان مناظر کو لوو ایڈوینچر فوٹوگرافک سروس نے محفوظ کیا۔جیکب کلبی نے بی بی سی کو بتایا کہ ’یہ تجربہ انتہائی غیرحقیقی، دل کو چھو لینے والا اور بہت ہی جذبات انگیز تھا۔‘انھوں نے کہا کہ ’یہ لمحات پیار سے بھرے تھے اور دو خاندان مل رہے تھے۔ اس کے بعد بھی میں اور بیکی رابطے میں رہے

بلکہ میں تو ابھی بھی الاسکا میں ہی ہوں اور بیکی سے ملنے جا رہا ہوں۔‘فیس بک پر بیکی نے اس حوالے سے کہا کہ ان کی شادی کا دن ان کی زندگی کا بہترین دن تھا۔جیب کو مخاطب کرتے ہوئے بیکی نے کہا کہ ’بلاشبہ یہ بہترین تحفہ ہے۔ سب سے زبردست۔ ٹرسٹن کے دل کا خیال رکھنے کا شکریہ۔ یہاں آنے کا شکریہ۔‘شادی کے موقعے پر ایک کرسی ٹرسٹن کے لیے بھی مختص کی گئی تھی جس پر پیغام لکھا ہوا تھا: ’آپ کی شادی کے موقعے پر میں دوسرے جہان میں ہوں، تو میں آپ کی کیا خدمت کر سکتا ہوں؟ میں زمین پر آؤں گا یہ وقت آپ کے ساتھ گزارنے کے لیے۔ لہٰذا میرے لیے ایک نشست رکھیے گا، صرف ایک خالی کرسی۔ آپ شاید مجھے نہ دیکھ سکیں لیکن میں وہاں موجود ہوں گا۔‘کیلی اور بیکی کی شادی کی تصاویر انٹرنیٹ پر بہت زیادہ شیئر کی گئیں جنھوں نے دیگر اعضا عطیہ کرنے والے خاندانوں کو بھی جذباتی کر دیا۔بیکی کے بیٹے ٹرسٹن نے اپنی موت کے بعد اپنا دل اور کئی دیگر اعضا عطیہ کر دیے تھے۔