نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت میں ڈاکٹروں نے 16 سالہ لڑکی کے پیٹ سے بالوں کا گچھا نکال لیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں سولہ سالہ اکانشا کماری نامی لڑکی بالوں کو کھانے کی عادت تھی اور کئی سال سے ایسا کررہی تھی۔تاہم اس لت کے بڑھنے کے نتیجے میں حالیہ مہینوں کے دوران وہ عام غذا کھانے سے بھی قاصر ہوگئی اور کچھ کھانے کے بعد الٹیاں کرنے لگتی۔جب اس کا وزن انتہائی تیزی سے کم ہوا تو لڑکی کے والدین کو احساس ہوا کہ ان کی بیٹی کے ساتھ کچھ گڑبڑ ہے۔جب ڈاکٹروں نے اس لڑکی کا آپریشن کیا تو انہوں نے پیٹ میں سے بالوں کا بہت بڑا گچھا سا برآمد کیا
جس نے معدے کے 80 فیصد حصے پر قبضہ کیا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں غذا میں دلچسپی ختم ہوگئی تھی۔اسے روپانزل سینڈروم نامی مرض قرار دیا گیا جس میں بالوں کا گچھا یا ہیئر بال معدے سے نکالا جاتا ہے جبکہ کچھ حصہ آنتوں میں بھی ہوتا ہے۔جھاڑکھنڈ کی رہائشی اس لڑکی کا آپریشن کامیاب ثابت ہوا اور ڈاکٹروں کے خیال میں وہ جلد صحت یاب ہوجائے گی۔ڈاکٹروں کے مطابق بالوں نے معدے کے بڑے حصے پر قبضہ کرلیا تھا جس کے نتیجے میں کھانے کی خواہش ختم ہوگئی تھی، اس کی سرجری چیلنج تھی کیونکہ بالوں کی صفائی آسان نہیں ہوتی۔