پاکستان کرکٹ ٹیم میں تینوں فارمیٹ میں وہاب ریاض کی تنزلی،ٹیم میں اپنی جگہ بچانا بھی مشکل ہو گیا


پاکستان کرکٹ ٹیم میں تینوں فارمیٹ میں وہاب ریاض کی تنزلی،ٹیم میں اپنی جگہ بچانا بھی مشکل ہو گیا
اُردو آفیشل۔ گزشتہ تین سال سے پاکستان کرکٹ ٹیم میں تینوں فارمیٹ میں شامل فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کا ستارہ گردش میں ہے اور اب انہیں پاکستانی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی کے بعد وہاب ریاض کو اپنے ڈیپارٹمنٹ کی ملازمت بچانے میں بھی مشکل پیش آرہی ہے جبکہ فاسٹ باؤلر محمد عامر، حسن علی ، محمد عباس ، رومان رئیس کی غیر معمولی کارکردگی نے وہاب ریاض کے مستقبل پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔وہاب پاکستان اور سری لنکا سیریز سے قبل ویسٹ انڈیز میں کیریبین لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔آن لائن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خراب کارکردگی کے بعد یو بی ایل وہاب ریاض کو فارغ کرنے پر غور کررہا ہے۔ انہوں نے بینک جوائن کرنے کے بعد ان کی جانب سے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے جبکہ اس سے قبل نیشنل بینک کو بھی وہاب ریاض سے یہی شکایت تھی۔
واضح رہے کہ یو بی ایل کی جانب سے رومان رئیس نے گزشتہ سال کامیاب سیزن کھیل کر پاکستانی ٹیم میں جگہ حاصل کی تھی جبکہ گزشتہ چند سالوں میں ڈراپ رہنے والے فاسٹ بولر جنید خان نے پاکستان ٹیم میں واپس آکر پرانے ڈیپارٹمنٹ واپڈا کو خیر باد کہہ کر دو لاکھ روپے ماہانہ کے عوض حبیب بینک کی ٹیم جوائن کر لی ہے۔