انڈین ویمنزٹیم کی کپتان متھالی راج نے خواتین کا آئی پی ایل کروانے کا مطالبہ کر دیا


انڈین ویمنزٹیم کی کپتان متھالی راج نے خواتین کا آئی پی ایل کروانے کا مطالبہ کر دیا
اُردو آفیشل۔ بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان متھالی راج نے خواتین کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی تلاش ، ان کی صلاحیتوں کو ابھارنے اور مقامی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر لانے کے لیے انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل)کی طرز پر خواتین کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کرانے کا مطالبہ کردیا۔
اپنے ایک بیان میں بھارتی کپتان متھالی راج نے کہا اگر بھارت کے پاس بھی آسٹریلیا کی ویمن بگ بیش لیگ اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ کی سپر لیگ جیسا کوئی ایونٹ ہوتا تو نتیجہ کچھ اور نکل سکتا تھا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت میں کرکٹ کا انتظام چلانے والے ادارے (پی سی سی آئی) کے پاس نادر موقع ہے کہ وہ ملک میں آئی پی ایل کی طرز پر ایک ٹورنامنٹ منعقد کرائے۔
انگلینڈ کے خلاف شکست کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تمام بھارتی کھلاڑی میچ کے دوران بہت زیادہ گھبرائی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے شکست ان کا مقدر بنی۔یاد رہے کہ ایک روزہ کرکٹ کے فارمیٹ میں یہ دوسرا موقع تھا جب بھارت نے عالمی کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔بھارت نے اس سے قبل جنوبی افریقہ میں ہونے والے ویمن ورلڈ کپ 2005 میں فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوا تھا۔فائنل مقابلے میں آسٹریلیا نے بھارت کو 98 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔