لاہور: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں گولڈن بال اور مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستانی پیسر حسن علی پر قسمت مہربان ہے، بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے بعد اب ان کا کریبیئن پریمیئر لیگ سے بھی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حسن علی کا بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے بعد کریبیئن پریمیئر لیگ سے بھی معاہدہ طے پا گیا ہے، فاسٹ بولر نے سی پی ایل کی فرنچائز سینٹ کٹس کے ساتھ ایک سال کا معاہدہ کیا ہے، ایونٹ کے ابتدائی میچز امریکا کی ریاست فلوریڈا میں کھیلے جائیں گے جس کے لیے حسن علی نے ویزے کی درخواست بھی دے دی ہے، حسن علی چند روز قبل بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے لیے بھی کومیلا وکٹورینز سے پہلے ہی معاہدہ کرچکے ہیں۔
کریبیئن لیگ میں دنیائے کرکٹ کے کئی مایہ ناز کھلاڑی شریک ہوں گے، سینٹ کٹس کی قیادت کرس گیل کر رہے ہیں جبکہ اسکواڈ میں پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح کے بعد قومی کرکٹرز پر غیرملکی لیگز کے دروازے کھل گئے ہیں، محمد عامر برطانیہ میں کاﺅنٹی کھیل رہے ہیں، قومی کپتان سرفراز احمد کا برطانوی کلب یارکشائر سے معاہدہ طے پا گیا ہے، جنید خان کا بھی معاہدہ ہوا ہے، عماد وسیم کا بھی انگلش کاﺅنٹی سے معاہدہ ہوا تاہم ویزہ میں تاخیر کی وجہ سے وہ شرکت نہیں کر سکے۔