انگلینڈ کے کھلاڑی کیون پیٹرسن کا محرومی کے باعث ٹیم چھوڑ کر جنوبی افریقہ کی جانب سے کھیلنے کا عندیہ دے دیا
اُردو آفیشل۔ دس سال تک انگلش ٹیم کی نمائندگی کرنے والے بلے باز کیون پیٹرسن نے محرومی پر انگلینڈ کرکٹ کو خیرباد کہہ کر جنوبی افریقہ کی طرف سے کھیلنے کا عندیہ دے دیاہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق انگلینڈ کی طرف سے ایک سو چار ٹیسٹ، ایک سو چھتیس ون ڈے اور سینیتس ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے کیون پیٹرسن کے کیرئر میں نیا موڑ آ گیا۔ ایشیز سیریز 2014ء میں شکست کے بعد ٹیم میں اختلافات سامنے آئے اور انہیں ٹیم سے علیحدہ کر دیا گیا۔ معروف بلے باز اب بھی بھرپور فارم میں ہیں، گزشہ روز پیٹرسن نے انگلش کاؤنٹی سرے کی طرف سے 52 رنز کی اننگ کھیلی، ایک اوور میں شاندار چار چھکے جڑے اور ٹیم کو یادگار فتح دلائی۔ پیٹرسن کا کہنا تھا کہ مسلسل نظر انداز کیے جانے پر وہ سخت مایوس ہیں، دو ہزار انیس تک زیادتیوں کا یہی سلسلہ رہا تو وہ انگلینڈ کے بجائے جنوبی افریقہ سے کھیلنا شروع کر دیں گے۔ سینتیس سالہ بلے باز جنوبی افریقہ میں پیدا ہوئے اور 2004ء سے کرکٹ کا آغاز انگلینڈ میں کیا۔