اوم پوری کی زندگی پر فلم بنانے کا فیصلہ


بولی وڈ کے نامور اداکار اوم پوری کے رواں برس اچانک انتقال نے ان کے مداحوں کو کافی غمگین کردیا تھا تاہم اب ان کی زندگی کی کہانی کو ایک فلم کی صورت میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔فرسٹ پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق اوم پوری کی اہلیہ نندیتا پوری، جنہوں نے اداکار سے علیحدگی اختتار کرلی تھی، نے
اس خبر کی تصدیق کی۔نندیتا کی تحریر کردہ اوم پوری کی سوانح حیات ’اَن لائیکلی ہیرو: دی سٹوری آف اوم پوری‘ پر اب فلم بنائی جارہی ہے۔انہوں نے اس حوالے سے کہا ’میں اوم پوری کی سوانح حیات پر مبنی فلم بنا رہی ہوں، میں اس کتاب کا کچھ حصہ لے کر بالکل اسی طرح پیش کروں گی جیسا اوم پوری چاہتے تھے جو سب کو متاثر کرسکے‘۔تاہم اب تک اوم پوری کے کردار کے لیے کسی اداکار کو کاسٹ نہیں کیا گیا، کیوں کہ یہ خاصا مشکل فیصلہ ہوگا۔اس حوالے سے نندیتا نے بتایا ’اس وقت ہم فلم کا اسکرین پلے تحریر کررہے ہیں، کسی بھی فلم کے لیے اس کا اسکرپٹ سب سے اہم ہوتا ہے، اس فلم میں اوم پوری کی جدوجہد کو پیش کیا جائے گا‘۔خیال رہے کہ نندیتا کی یہ کتاب 2009 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے اور اوم پوری کے رشتے میں دراڑ پڑ گئی، اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ انہوں نے اپنی کتاب میں اوم پوری کے ساتھ اپنی زندگی کی چند ذاتی باتیں بھی تحریر کیں۔نندیتا کے مطابق ’میں ایک صحافی کی حیثیت سے ان سے انٹرویو کرنے گئی جب انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ میں ان کی زندگی کی کہانی کیوں تحریر نہیں کرتی‘؟انہوں نے مزید کہا کہ ’اوم پوری 6 سال کی عمر میں ایک چائے کے اسٹال پر کام کرتے تھے، انہوں نے اپنی زندگی میں کئی مشکلات کا سامنا کیا، اگر گریش کرناد انہیں 30 ہزار روپے میں فلم کی آفر نہ دیتے تو وہ فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹیٹیوٹ آف انڈیا میں 2 سال مشکل سے گزار پاتے‘۔خیال رہے کہ اوم پوری کا انتقال رواں سال جنوری میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا، وہ آخری مرتبہ فلم ’ٹیوب لائٹ’ میں کام کرتے نظر آئے تھے۔