ایک بادشاہ نے ایک عالم سے کہا کہ آپ بہت دور رہتے ہیں، مجھے آپ سے بڑی محبت ہے، آپ آئیں اور میرے پاس آ کر رہیں۔ اگر آج کل کے کسی بندے کو بادشاہ دعوت دیتا تو وہ سر کے بل چل کر جاتا۔ لیکن وہ اللہ والے تھے۔ جب انہیں یہ پیغام ملا تو وہ آئے اور انہوں نے بادشاہ سے بھرے دربار میں کہا: ’’بادشاہ سلامت! اگر میں آپ کے پاس آ کر رہوں اور آپ کی کوئی باندی ہو اور آپ مجھے کسی دن دیکھیں کہ میں آپ کی اس باندی کے ساتھ زنا کا مرتکب
ہو رہا ہوںتو آپ کا رویہ کیا ہو گا؟‘‘ بادشاہ یہ سنتے ہی سخت غضب ناک ہوا اور کہنے لگا۔’’کیا تو ایسا انسان ہے؟ تیری یہ کیسی جرأت ہے کہ میرے ہاں آئے اور پھر یہاں حرام کاری کا مرتکب ہو۔‘‘ جب بادشاہ خوب غضب ناک ہو گیا تووہ عالم کہنے لگے۔ ’’بادشاہ سلامت! ابھی تو میں اس گناہ کا مرتکب ہی نہیں ہوا اور آپ مجھ پر ابھی سے غضب ناک ہو گئے، تو میں اس کریم کا در چھوڑ کر آپ کے در پر کیوں آؤں جو گناہ کرتے ہوئے دیکھ کر بھی مجھ پر غضب ناک نہیں ہوتا۔