اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نوازشریف کی ریلی سے تحریک انصاف کو کتنا نقصان ہوگا؟ معروف صحافی سہیل وڑائچ نے حیرت انگیز دعویٰ کر دیا، تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اسلام آباد سے لاہور ریلی سے مسلم لیگ (ن) کا ووٹر جمع ہو جائے گا جس سے پارٹی کی طاقت میں اضافہ ہو گا۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بڑے بڑے جلسے کرنے کی طاقت رکھتی ہے مگر اصل کامیابی وہی ہے جو انتخابات میں حاصل کی جاتی ہے۔ مسلم لیگ (ن)
کے پاس امیدوار منتخب کرنے کی صلاحیت ہے جو تحریک انصاف کے پاس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ جیتنے والے امیدوار ہی میدان میں اتارتی ہے اور اسی وجہ سے گزشتہ انتخابات میں اس نے کامیابی حاصل کی، مسلم لیگ (ن) کی ریلی سے ان کے ووٹر اکٹھے ہو جائیں گے، اس سے تحریک انصاف کے لیے مشکل صورتحال پیدا ہو گی۔ سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک وسیع حلقہ انتخاب رکھتی ہے، دوسری جانب تحریک انصاف کو دوسری جماعتوں کا ووٹ بینک توڑنا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اپریل 1988 میں پاکستان واپس آئیں تو مخالف جماعتوں نے کہا کہ ان کے استقبال کے لیے ایک لاکھ تھے مگر پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس وقت 20 لاکھ ان کے استقبال کے لیے آئے۔ آج مخالف جماعتیں یہ ماننے پر مجبور ہیں کہ بے نظیر کی 1988 کی استقبالی ریلی پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی ریلی تھی، اب نواز شریف کی ریلی بڑی ہے یا چھوٹی اس فیصلہ بھی تاریخ کرے گی۔