دو دہائیاں قبل دلکش صورت والی امریکی لڑکی ایورل لیوائن نے امریکی موسیقی کے منظرنامے پر ایک تہلکہ برپا کر دیا اور باغی گلوکارہ کے نام سے خوب شہرت پائی۔ اگرچہ اب وہ پہلے جیسی مشہور نہیں رہیں لیکن دلچسپ اتفاق دیکھئے کہ رواں سال انہیں ’خطرناک ترین آن لائن سلیبرٹی‘ قرار دے دیا گیا ہے۔
ٹائمز آ ف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ سکیورٹی کمپنی ’مکیفی‘ کا کہنا ہے کہ ایورل وہ سلیبرٹی ہیں جو غیر ارادی طور پر انٹرنیٹ صارفین کی سب سے بڑی تعداد کو نقصان دہ اور خطرناک ویب سائٹوں کی جانب منتقل کررہی ہیں۔
انٹرنیٹ پر ’ایورل‘ کی سرچ کرنے والے صارفین کو عموماً ایسی ویب سائٹوں پر منتقل کردیا جاتا ہے جہاں وائرس اور دیگر نقصان دہ سافٹ ویئر موجود ہوتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایورل کا نام سرچ کرنے والوں میں سے تقریباً 14.5 فیصد لوگوں کو ایسی ویب سائٹوں کی جانب منتقل کیا جاتا ہے جو ان کی آن لائن سکیورٹی کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔
ا گر آپ ایورل کا Mp3 میوزک ڈاﺅن لوڈ کرنے کیلئے سرچ کررہے ہیں تو خطرناک ویب سائٹوں کی جانب منتقل ہونے کی شرح بڑھ کر 22 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔ گزشتہ سال یہ ’اعزاز‘ اداکارہ و کامیڈین ایمی شومر کے پاس تھا، جنہیں 2016ءکی ’خطرناک ترین آن لائن سلیبرٹی‘ قرار دیا گیا تھا۔
اس سال ایورل لیوائن کے بعد دیگر خطرناک سلیبرٹی ناموں میں برونومارس، کارلی رائے جیپسن، زین ملک، سیلائن ڈائیون، کیولن ہیرس، جسٹن بیبر، سیان کمس، کیٹی پیری اور بیونسے شامل ہیں۔