سلمان خان نے مداح کا موبائل توڑ ڈالا


ممبئی: دبنگ خان اپنے غصے کی وجہ سے بالی ووڈ میں ایک الگ پہچان رکھتے ہیں اور وہ کئی بار مداحوں اور میڈیا سے بدتمیزی بھی کر چکے ہیں مگر اس بار تو انہوں نے مداح کا موبائل ہی توڑ ڈالا۔
بالی ووڈ میں سلمان خان کے غصے سے ہر کوئی ڈرتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ میڈیا کے نمائندے بھی ان سے سوال پوچھنے سے کتراتے ہیں مگر گزشتہ دنوں ایک تقریب میں دبنگ خان کے ساتھ عجیب اور دلچسپ واقع پیش آیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان ایک ایوارڈ شو کی تقریب میں شریک تھے جہاں وہ اپنے خاندان اور فیملی کے دوستوں کے ساتھ باتوں اور تفریح میں مصروف تھے کہ اس دوران ایک مداح نے ان کو مخاطب کرتے ہوئے اپنا موبائل دکھایا اور کہا کہ یہ ’ان بریک ایبل‘ یعنی نہ ٹوٹنے والا موبائل ہے، سلو میاں مداح کی طرف دیکھ کر مسکرائے اور دوبارہ سے باتوں میں مصروف ہو گئے مگر وہ بار بار موبائل کے حوالے سے بات کرتا رہا جس پر سلمان خان کو غصہ آ گیا۔
رپورٹس کے مطابق دبنگ خان نے مداح سے موبائل لے کر اسے زور سے زمین پر دے مارا مگر وہ حقیقت میں نہیں ٹوٹا جس پر سلو میاں نے موبائل کو اٹھا کر دوبارہ زمین پر مارا، کئی بار یہ عمل دہرانے کے بعد بھی موبائل نہیں ٹوٹا مگر دبنگ خان بھی کہاں ہمت ہارنے والے تھے انہوں نے بلاآخر موبائل کو توڑ ہی ڈالا اور اس کے ٹکڑے اٹھا کر مداح کو دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا یہ لو تمہارا ’ان بریک ابیل‘ موبائل، وہاں موجود تمام افراد سلو میاں کی اس حرکت سے محظوظ ہوتے رہے۔