بالی وڈ کے کامیڈین اداکار و ہدایت کار نیرج وورا 10 ماہ سے کوما میں ہیں


بالی وڈ کے کامیڈین اداکار و ہدایت کار نیرج وورا 10 ماہ سے کوما میں ہیں۔بالی وڈ کے اداکار نیرج وورا نے فلمی کیرئیر کا آغاز 1984 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ہولی‘‘ سے کیا جس کے بعد وہ کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔انہوں نے فلموں میں بطور اداکار اپنی شناخت ایک مزاحیہ اداکار کے طور پر کرائی ہے اور اپنی اداکاری سے
لاکھوں چہروں پر مسکراہٹیں بکھیری ہیں۔انہوں نے کئی فلموں کی ہدایت کاری کے فرائض بھی سر انجام دیئے ہیں جس میں ’’کھلاڑی 420‘‘ اور کامیڈی فلم ’’پھر ہیرا پھیری‘‘ بھی شامل ہیں۔نیرج وورا نے صف اول کے تمام اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے جس میں عامر خان، سلمان خان ، شاہ رخ خان، سنجے دت اور اجے دیوگن سمیت کئی شامل ہیں۔ان کی فلموں میں ’’اکیلے ہم اکیلے تم‘‘،’’پکار‘‘،’’ہر دل جو پیار کرے گا‘‘، ’’نہ گھر کے نہ گھات کے‘‘، ’’بادشاہ ‘‘، ’’کٹھا میٹھا‘‘،’’کمال دھمال مالا مال‘‘،’’بول بچن‘‘ اور ’’ویلکم بیک‘‘ شامل ہیں۔نیرج وورا نے شہرہ آفاق فلم’’ہیرا پھیری‘‘ اور ’’گول مال‘‘کی اسکرپٹ رائٹنگ بھی کی ہے۔کروڑوں چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے نیرج وورا 10 ماہ سے کوما میں ہیں جن کی دیکھ بھال ان کے دوست فلمساز فیروز ناڈیاڈ والا کررہے ہیں۔کامیڈی نیرج وورا اکتوبر 2016 میں فلم ’’ہیرا پھیری 3‘‘ پر کام کررہے تھے کہ ہارٹ اٹیک ہوا اور دوران علاج ان پر فالج کا حملہ بھی ہوا جس کے باعث وہ کوما میں چلے گئے تھے۔54 سالہ اداکار کی کوئی اولاد نہیں ہے اور ان کی اہلیہ کا انتقال بھی گزشتہ سال ہوا ہے۔ان کی فیملی میں والدہ ہی تھیں جو کہ 2014 میں دنیا سے رخصت ہوچکی ہیں اور ایسے میں ان کے قریبی دوست فیروز ناڈیاڈ والا ہی ان کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈ والا نیرج کی طبیعت سنبھلنے پر رواں سال مارچ میں انہیں دہلی سے ممبئی لے آئے تھے اور گھر پر ہی ان کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔ کامیڈین کی دیکھ بھال کے لیے نرس، وارڈ بوائے اور خانساماں رکھا گیا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ سائیکو تھراپسٹ، نیروسرجن، فزیو تھراپسٹ اور ڈاکٹر ہر ہفتے باقاعدہ علاج کے لیے گھر آتے ہیں۔فیروز ناڈیاڈ والا کا کہنا ہے کہ گزشتہ 5 ماہ سے نیرج کی حالت میں بہتری آرہی ہے لیکن اب بھی کوما میں ہیں تاہم ان کا علاج آڈیو تھراپی کے ذریعے ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ان کے والد کی موسیقی ان کو سناتے ہیں جس کے جواب میں وہ ہاتھوں کو جنبش دیتے ہیں جب کہ میں نیرج کو 18 سال سے جانتا ہوں وہ دوستوں سے پیار کرنے والی شخصیت ہیں۔اداکار کی بیماری سے کچھ دن قبل کی تصویر جس میں ان کے ہمراہ پاریش راول، سنیل سیٹھی، جان ابراہم اور فلمساز فیروز ناڈیاڈ والا کو دیکھا جاسکتا ہے۔فلمساز کا کہنا تھا کہ نیرج کے کمرے میں ان کی مشہور اور پسندیدہ فلموں کو لگایا جاتا ہے تاکہ جلد سے جلد کومے سے باہر آسکیں جب کہ فلم نگری میں عامر خان اور پاریش راول کے قریبی دوست ہیں جو مسلسل ان کی صحت سے متعلق معلومات لیتے رہتے ہیں۔فلمساز فیروز ناڈیاڈ والا نے گزشتہ سال نیرج وورا کی ہدایت کاری میں فلم ’’ہیرا پھیری‘‘ کا تیسرا سیکوئل بنانے اور رواں سال ہی فلم کی شوٹنگ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس کے چند روز بعد ہی نیرج وورا کو بیماری نے آگھیرا جس کے باعث پروجیکٹ کو روک لیا گیا ہے۔