مزاحیہ اداکار جیری لوئس 91 برس کی عمر میں چل بسے!


ہالی وڈ کے کامیاب ترین مزاحیہ اداکاروں میں ایک جیری لوئس 91 سال کی عمر میں وفات پا گئے ہیں. ان کے خاندان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اتوار کو لاس ویگاس میں موجود اپنے گھر میں انتقال کر گئے.

جیری لوئس کی اداکار ڈین مارٹن کے ساتھ دس سالہ شراکت انتہائی مقبول اور کامیاب رہی. ان دونوں نے 16 فلمیں بنائیں جو کہ باکس آفس پر بہت کامیاب رہیں. ایک وقت پر جیری لوئس ہالی وڈ کے مہنگے ترین اداکار تھے اور انھوں نے دی بل بوائے، سنڈرفیلا، اور دی نٹی پروفیسر جیسی کامیاب ترین فلمیں بنائیں. اس کے علاوہ ان کی کامیاب فلموں میں 1983 کی دی کنگ آف کامیڈی تھی جس میں انھوں نے رابرٹ ڈی نیرو کے ساتھ مل کر کام کیا. ان کے انتقال پر ہالی وڈ کے متعدد ستاروں نے انھیں خراج تحسین پیش کیا. وپی گولڈ برگ کا کہنا تھا کہ یہ ’جنت کا فائدہ اور کامیڈی کے لیے بہت بڑا نقصان ہے.‘ سٹار ٹریک کے سٹار اداکار ولیم شیٹنر نے کہا کہ آج دنیا بہت کم مزاحیہ ہوگئی ہے.‘ مزاحیہ اداکار جم کیری کا اندازِ اداکاری جیری لوئس سے بہت زیادہ متاثر ہوا تھا. انھوں نے کہا کہ ’وہ فول کوئی بیوقوف نہیں تھا. وہ یقیناً ایک جینیس تھا، ایک نعمت تھا. میں آج اس کی وجہ سے ہی ہوں.‘ جیری لوئس ریاست نیو جرسی کے شہر نیورک میں پیدا ہوئے. ان کے والدین روسی یہودی تھے اور دونوں کا تعلق فنونِ لطیفہ سے تھا. انھوں نے پانچ سال کی عمر سے ہی اداکاری کا آغاز کر دیا جب وہ اپنے والدین کے ساتھ ایک سٹیج شو میں شریک ہوئے :-