بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ ہمیشہ انہیں طعنے دیا کرتی تھیں لیکن شکر ہے کہ طویل عرصے بعد ان کے طعنے بالآخر بند ہو گئے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اکشے کمار نے جے پور میں منعقدہ ایک تقریب میں گفتگو کے دوران اس بات کا انکشاف کیا کہ ان کی اہلیہ ہمیشہ انہیں طعنے دیا کرتی تھیں کہ ان کے خاندان میں جس کسی کا بھی تعلق فلم نگری سے ہے وہ کوئی نہ کوئی ایوارڈ حاصل کر چکا ہے لیکن وہ اب تک کوئی ایوارڈ
حاصل نہیں کر سکے ہیں۔ اکشے کمار نے بتایا کہ رواں برس مئی میں انہیں اپنی فلم’’رستم‘‘ کے لیے بہترین اداکار کے نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا جس کے بعد ان کی اہلیہ کے طعنوں کا سلسلہ بند ہوا۔خیال رہے کہ ٹوئنکل کھنہ خود بھی بالی ووڈ کی ہیروئن رہ چکی ہیں جبکہ ان کی والدہ ڈمپل کپاڈیا اور والد راجیش کھنہ ماضی کے بہترین اداکار رہ چکے ہیں۔ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ کی شادی 2001 میں ہوئی تھی اور اب ان کے دو بچے بھی ہیں۔ اکشے کمار کو فلم انڈسٹری میں تقریباً 25 برس ہوچکے ہیں تاہم وہ اب تک کوئی بڑا ایوارڈ حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے لیکن اب بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرکے انہوں نے اپنے ناقدین کے منہ بند کردیئے ہیں۔