ممبئی: نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور کے ساتھ بڑھتی نزدیکیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دونوں کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلانا بند کی جائیں۔
بھارتی میڈیا میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور سے متعلق افواہیں گردش کررہی ہیں کہ دونوں کے درمیان کافی عرصہ سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دونوں کے درمیان نزدیکیاں بھی بڑھتی جارہی ہیں۔
یہ کتنا صحیح ہے اور کتنا غلط اس بارے میں فی الحال رنبیر کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے لیکن یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب مارچ میں رنبیراور ماہرہ نے دبئی میں گلوبل ٹیچر پرائز کی تقریب میں شرکت کی ،جس میں دونوں کی اسٹیج کے پیچھے کی جانے والی خفیہ باتوں کی ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچادیا تھا،ویڈیو میں ماہرہ رنبیرسے غصے میں کچھ کہتی نظر آرہی تھیں اور رنبیربھی کافی سنجیدہ دکھائی دے رہے تھے ، انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی ان ویڈیوز کے بعد کہا جارہا تھا کہ دونوں کئی بار ایک دوسرے کے ساتھ دیکھے گئے ہیں ۔یہاں تک کہ ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق دونوں کو ایک ساتھ بیرون ملک دیکھا گیا ہے جہاں وہ ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزاررہے ہیں۔
تاہم ماہرہ نے پہلے تو ان افواہوں پر خاموشی اختیار کیے رکھی لیکن اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور انہوں نے بھارتی میڈیا میں گردش کرنے والی ان جھوٹی افواہوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے ان کے اور رنبیر کے متعلق غلط خبریں پھیلانا بند کی جائیں، ساتھ ہی ماہرہ نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں لکھا ہے سب سے پہلے تو میں کہنا چاہوں گی کہ ’’میرے اوررنبیر کے درمیان کچھ نہیں ہے، جبکہ دوسری بات یہ ہے کہ بالکل کچھ نہیں ہے‘‘ اور یہ پیغام سب کیلئے ہے۔
واضح رہےکہ ماہرہ خان رواں سال کی ابتدا میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’’رئیس‘‘ میں نظر آئی تھیں، اس فلم کے بعد بھارتی میڈیا کے ساتھ بالی ووڈ فنکاربھی ان کی خوبصورتی کے دیوانے ہوگئے تھے جبکہ رنبیر کپور نےان کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملادئیے تھے جس کے بعد دونوں کے درمیان نزدیکیوں کی خبریں میڈیا کی زینت بنیں۔