شوبز ڈیسک: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے اپنی زندگی کے اہم رازوں سے پردہ اٹھا دیا ۔ بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ شادی کی پہلی رات بھی انھوں نے فلم کے سیٹ پر گزاری ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے بتایا کہ جس دن ان کی شادی ہوئی اسی دن ہی وہ ممبئی منتقل ہوئے اور ان کا یہ فیصلہ بہت بڑی تبدیلی ثابت ہوا۔ اپنے انٹرویو میں اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ آج تک انہوں نے اپنی ڈیبیو فلم ’دیوانہ‘ نہیں دیکھی کیوںکہ گوری خان نے انہیں یہ فلم دیکھنے ہی نہیں دی۔
کنگ خان نے مزید بتایا کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی کامیابی ان کے تین بچے ہیں جو اب جوان ہو چکے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میری اور گوری کی خواہش تھی کہ ہماری پہلی اولاد بیٹی ہو لیکن سہانا دوسرے نمبر پر ہماری زنگی میں آئی ۔
اپنی پسندیدہ فلم کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ انہیں ’کبھی ہاں، کبھی ناں‘ پسند ہے مگر ان کی نظر میں ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ اور ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ سب سے بہترین اور ہمیشہ یاد رہنے والی فلمیں ہیں۔