پائریسی کے خلاف جنگ انتہائی اہم ہے،اسکا انکار کریں،اکشے کمار


پائریسی کے خلاف جنگ انتہائی اہم ہے،اسکا انکار کریں،اکشے کمار
اُردو آفیشل۔ بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار نے اپنی نئی آنے والی فلم’ ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘‘ کے ریلیز سے قبل ہی آن لائن لیک ہونے پر مداحوں کے نام ایک پیغام میں کہا کہ پائریسی کا انکار کریں۔بھارت میں پائریسی کے حوالے سے بالی ووڈ ہمیشہ ہی تشویش کا شکار رہا ہے اور تقریباً ہر بڑے سٹار کی فلم یا تو ریلیز سے قبل یا ریلیز کے پہلے یا دوسرے دن ہی آن لائن لیک ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے فلم کا بزنس شدید متاثر ہوتا ہے اور فلم بھی فلاپ ہو جاتی ہے کیوں کہ فلم آن لائن آنے کے بعد بہت ہی کم لوگ ٹکٹ خرید کر سینما دیکھنے جاتے ہیں۔اکشے کمار کی فلم ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ پہلے ہی مسائل کا شکار تھی اور فلم کی کہانی پر بھی چوری کا الزام عائد ہوا تھا مگر اب فلم آن لائن لیک ہو گئی ہے جس سے پروڈیوسر سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں تاہم فلم اب تک مداحوں کے ہاتھ نہیں لگی ہے۔

اکشے کمار نے بھی اس حوالے سے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا پائریسی کے خلاف جنگ انتہائی اہم ہے اور یہ اچھی بات ہے کہ کرائم برانچ نے اس نا خوشگوار واقعے کے خلاف کارروائی کی ہے جب کہ میں اپنے مداحوں، دوستوں اور ساتھیوں سے درخواست کرنا چاہوں گا کہ پائریسی کا انکار کریں۔گزشتہ سال رتیش دیش مک، آفتاب اور وویک اوبرائے کی مشہور فلم مستی کا تیسرا سیکوئل ’گریٹ گرینڈ مستی‘ بھی ریلیز سے قبل آن لائن لیک ہو گئی تھی جس کے باعث فلم نہ صرف بری طرح فلاپ ہوئی بلکہ وہ اپنا بجٹ بھی پورا نہیں کر سکی تھی۔