ہم سوشل میڈیا یہ سوچ کر استعمال کرتے ہیں کہ اس کی وجہ سے ہماری تنہائی میں کمی ہوگی یا فرصت کے لمحات خوشگوار گزر جائیں گے لیکن اب ایک امریکی ماہر ین نفسیات نے انکشاف کیا ہے کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے ہم تنہائی کا شکار ہورہے ہیں۔ تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جو لوگ دن میں دو گھنٹے سے زائد سوشل میڈیا استعمال کرنے کے عادی ہوجاتے ہیں ان میں معاشرتی تنہائی کا خطرہ زیادہ پیدا ہوتا ہے۔ تحقیق میں سوشل میڈیا جیسے ٹویٹر، فیس بک، پین ٹرسٹ، انسٹاگرام، سنیپ چیٹ اور ٹمبلر صارفین کا جائزہ لیا گیا۔تحقیق کار الزبتھ میلر کا کہنا تھا کہ اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ آیا لوگ پہلے تنہائی کا شکار ہوتے ہیں اور پھر سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں یا اس کی وجہ سے معاشرتی تنہائی کا شکار ہوتے ہیں۔’’ایک بات تو طے ہے کہ سوشل میڈیا پر زیادہ وقت گزارنے سے انسان معاشرتی سرگرمیوں کو وقت نہیں دے پاتا اور تنہائی کا شکار ہونے لگتاہے۔‘‘
تحقیق میں 19اور32سال کے درمیان کے دوہزار افراد سے ان کے سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے سوالات کئے گئے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں سوشل میڈیا کی وجہ سے تنہائی کے علاوہ دماغی امراض بھی پیدا ہوتے ہیں اور وہ بہتر طریقے سے سماجی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیتے۔’’اگر لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے انہیں تنہائی سے نجات ملے گی تو یہ ایک غلط تاثر ہے لہذا اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘