ماسکو(نیوز ڈیسک) میانمر کے روہنگیا مسلمانوں کے لئے قیامت کا سماں ہے کہ ہزاروں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا ہے اور لاکھوں ایسے ہیں جن کے گھر جلا کر راکھ کر دئیے گئے ہیں۔ افسوس صد افسوس کہ عالمی برادری تو کیا خود مسلم امہ کو بھی ان کی بربادی کی گویا کچھ خبر ہی نہیں۔ ایسے میں روسی مسلمانوں نے میانمر کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے نہایت قابل ستائش کام کرتے ہوئے ماسکو میں روسی سفارتخانے کے سامنے عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
ویب سائٹ RT.COMکی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز ماسکو شہر کے وسط میں واقع میانمر کے سفارتخانے کے سامنے مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد جمع ہوئی۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس موقع پر پولیس کی بڑی تعداد نے سفارتخانے کو گھیر رکھا تھا۔ ماسکو پولیس نے طاس نیوز ایجنسی کو بتایاکہ یہ ایک پرامن احتجاج تھا جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
احتجاج کیلئے آنے والے مسلمانوں نے روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نعرے لگائے اور میانمر کے سفارتخانے کے سامنے نماز ادا کرنے کے بعد روہنگیا مسلمانوں کیلئے دعا بھی کیا۔ اس موقع پر فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونجتی رہی۔ احتجاجی مظاہرے کے پیش نظر پولیس کی بھاری تعداد پہلے ہی میانمر کے سفارتخانے کے سامنے پہنچ چکی تھی۔ پولیس کی تقریباً 20 گاڑیاں علاقے میں گشت کررہی تھیں جبکہ کسی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے بکتر بند گاڑیاں بھی موجود تھیں۔