سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات اپنے مداحوں سے رابطے میں رہنے کیلئے اپنے اکاﺅنٹ بناتی ہیں لیکن اس رابطے میں رخنہ کچھ ’کی بورڈ کے دانشور‘ اس طریقے سے ڈالتے ہیں کہ یا تو انہیں بلاک کردیا جاتاہے یا پھر ان کی خوب کلاس بھی لینی پڑجاتی ہے. انہی کی بورڈ کے جنگجوﺅں سے گلوکارہ قراة العین بلوچ بھی تنگ آئی ہوئی ہیں.
سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی بورڈ مجاہدین سے تنگ آئی قراة العین بلوچ نے ان کی خوب کلاس لی. انہوں نے جعلی دانشوروں، کی بورڈ کے جنگوﺅں اور بے جا تنقید کرنے والے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی آسان ہے کہ آپ کی بورڈ کے پیچھے بیٹھ جائیں لیکن دوسرا راستہ یہ ہے کہ اپنی ’ تشریف‘ کو ہلائیں اور کچھ کام کرکے دکھائیں.
قراة العین بلوچ کے یہ ٹویٹ کرنے کی دیر تھی کہ کی بورڈ جنگجو اپنے دفاع میں فوری طور پر میدان میں آگئے ، تیمور نامی صارف نے کہا کہ ’ اگر کی بورڈ جنگجو آپ کے حق میں بولتے ہیں تو ٹھیک ہے لیکن تنقید کریں تو وہ برے بن جاتے ہیں، آپ ایک مایوس شخصیت ہیں‘.
سوربھ ٹھاکر نے تو اسے گلوکارہ مومنہ مستحسن سے جلن قرار دیتے ہوئے کہا ’ چونکہ مومنہ مستحسن نے اپنے انسٹاگرام پر ڈرم بجانے کی ویڈیو شیئر کی ہے ، اسی لیے یہ رد عمل ہے‘.