وہ ایک چیز جو اکثر پاکستانی مَرد روزانہ استعمال کرتے ہیں، انہیں بانجھ بنارہی ہے، سائنسدانوں نے تاریخ کی واضح ترین وارننگ جاری کردی


آج کل کے دور میں کون ہے جو باڈی سپرے کا دیوانہ نہیں؟ نوجوان لڑکے تو بسا اوقات بلاوجہ ہی خود کو باڈی سپرے سے معطر کئے رکھتے ہیں، اگرچہ بعض صورتوں میں یہ واقعی ایک جائز ضرورت بھی ہے۔ اس بحث سے قطع نظر کہ اس کی کتنی ضرورت ہے، یہ بات اپنی جگہ انتہائی تشویشناک ہے کہ باڈی سپرے کا استعمال مردوں کے لئے نہایت خطرناک ہے کیونکہ یہ انہیں بانجھ پن میں مبتلاءکر سکتا ہے۔
ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق ایک حالیہ تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ متعدد اقسام کی کاسمیٹک پراڈکٹس مردانہ صحت پر منفی اثرات ڈال رہی ہیں اور مردوں کے عام استعمال کی پراڈکٹ باڈی سپرے اس ضمن میں خاص طور پر قابل ذکر ہے۔ پولینڈ میں کی جانے والی اس تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ باڈی سپرے کی وجہ سے سپرم کی شکل میں بگاڑ اور اس کی حرکت کرنے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوسکتی ہے، جس کا نتیجہ بانجھ پن کی صورت میں نکلتا ہے۔

اس تحقیق کیلئے سائنسدانوں نے 315 مردوں کے پیشاب، سپرم اور خون کے نمونے لئے اور ان کے جسم میں کیمیکلز کی موجودگی کا بھی تجزیہ کیا گیا۔ اس تجزیے سے معلوم ہوا کہ جن مردوں کے جسم میں پیرابین کیمیکل کی مقدار زیادہ تھی ان کے سپرم کمزور تھے اور ان کی شکل میں بھی بگاڑ نظر آیا۔ یہ کیمیکل کاسمیٹکس پراڈکٹس میں عام پایا جاتا ہے اور خصوصاً باڈی سپرے میں موجود ہوتا ہے۔
تحقیق کی سربراہ ڈاکٹر یوحانا یورے ویز کا کہنا تھا کہ ”آج کل پیرابین کیمیکلز سے بچاﺅ بہت مشکل ہے کیونکہ یہ تقریباً ہر طرح کی کاسمیٹک پراڈکٹس میں پائے جاتے ہیں۔ پھر بھی ان سے بچنے کی ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ اس کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ کوئی بھی پراڈکٹ خریدتے وقت تسلی کریں کہ اس میں پیرابین کیمیکل نہ ہو۔ عام طور پر یہ معلومات آپ کو پراڈکٹ کے لیبل پر مل سکتی ہیں، لیکن احتیاط کا تقاضہ ہے کہ آپ کسی ماہر سے پوچھ لیں کہ جو پراڈکٹ آپ استعمال کر رہے ہیں اس میں پیرابین ہے یا نہیں۔“