ترک صدر طیب اردوان نے روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار اور ان کی نسل کشی پر عالمی برادری کو سخت پیغام دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا میں بے وطنی کی زندگی گزارنے والی سب سے بڑی کمیونٹی روہنگیا کے مسلمان ہیں۔برما کی جابر اور ظالم حکومت انہیں یہ کہہ کر قتل کر رہی ہے اور ملک سے بھگا رہی ہے کہ ’یہ تمہارا ملک نہیں، تم بنگلہ دیشی ہو‘ لیکن دوسری طرف جو روہنگیا مسلمان جان بچا کر بنگلہ دیش پہنچنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں انہیں بنگلہ دیشی حکومت گرفتار کرکے واپس موت کے منہ میں دھکیل
دیتی ہے۔اس حوالے سے ترک صدر طیب اردگان نے ایک ٹی وی انٹرویو میں واضح اور سخت موقف دیتے ہوئے روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و ستم کی مذمت کی ہے۔ اپنی صدارت کے تین سال مکمل ہونے پر ایک ٹی وی انٹرویو میںطیب اردوان کا کہنا تھا کہ ”یہ بدقسمتی ہے کہ عالمی برادری کو روہنگیا مسلمانوں کی تکالیف نظر نہیں آ رہیں اور ان کی چیخ و پکار سنائی نہیں دے رہی۔ہم روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر اس حوالے سے آواز بلند کریں گے۔ہم چاہتے ہیں کہ پوری انسانیت اس مسئلے کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے۔“طیب اردوان نے کہا کہ انہیں بحیثیت مسلمان اور انسان روہنگیا مسلمانوں پر تشدد سے دلی آزاری ہو رہی ہے۔