بدلتے وقت کے ساتھ جرائم پیشہ افراد نے بھی ایسی مکاری اور عیاری کے ساتھ وارداتیں شروع کر دی ہیں کہ غیر معمولی احتیاط سے کام نہ لیں تو ہم کسی بھی وقت ان بدمعاشوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔ایک نوجوان امریکی لڑکی نے اپنے ساتھ پیش آنے والے پریشان کن واقعے کا احوال سوشل میڈیا پر بیان کر کے ہماری توجہ اسی خطرے کی جانب مبذول کروائی ہے۔
ویب سائٹ INDY100 کی رپورٹ کے مطابق 19 سالہ ایشلی ہارڈاکرے کا کہنا ہے کہ ”میں مشی گن میں ایک شاپنگ مال میں کام کرتی ہوں۔ ایک رات جب میں ڈیوٹی سے فارغ ہوکر گھر جانے کی تیاری کررہی تھی تو پارکنگ میں اپنی گاڑی سٹارٹ کرتے ہی مجھے ونڈ سکرین کے وائپر سے لپٹی ٹی شرٹ دکھائی دی۔ میں اس شرٹ کو ونڈ سکرین سے ہٹانے کیلئے گاڑی سے باہر نکلنے ہی والی تھی کہ اچانک میری والدہ کی بات میرے ذہن میں گونجی۔ انہوں نے مجھے بتایا تھا کہ گاڑی کے شیشے پر کوئی بھی چیز چپکائی یا اٹکائی گئی ہو تو اسے ہٹانے کیلئے گاڑی سے مت نکلنا کیونکہ یہ جرائم پیشہ افراد کی چال ہوسکتی ہے۔ جب آپ گاڑی کا دروازہ ان لاک چھوڑ کر ونڈ سکرین کی جانب جاتے ہیں اور وہاں موجو دکسی چیز کو ہٹانے میں مصروف ہوتے ہیں تو اسی دوران آس پاس موجود کوئی شخص اچانک نکلتا ہے اور آپ پر پستول تان لیتا ہے، یا پھر سیدھا آپ کی گاڑی میں داخل ہوتا ہے اور اسے بھگا کر لیجاتا ہے۔ یہ سوچتے ہیں میرے جسم میں خوف کی لہر دوڑ گئی اور میں نے گاڑی کا دروازہ کھولنے کی بجائے فوری طور پر گاڑی وہاں سے بھگا دی۔ جب میں نے خود کو ایک محفوظ جگہ پر تصور کیا تو گاڑی روک کر باہر نکلی اور اس شرٹ کو ونڈ سکرین کے وائپر سے نکالا۔ تب مجھے احساس ہوا کہ یہ اتفاقاً وائپر پر نہیں گری تھی بلکہ واقعی کسی نے اسے خاص طور وائپر پر اچھی طرح لپیٹا تھا۔ میں شکر کرتی ہوں کہ گاڑی سے نکلی نہیں ورنہ نجانے کیا ہوتا، اور نجانے میں آپ کو اس خطرے سے خبردار کرنے کے لئے آج اس دنیا میں موجود بھی ہوتی یا نہیں۔“