بگ باس میں ایک بار پھر متنازع سیلیبرٹی کو اسکرین پر پیش کرنے کی تیاریاں


میڈیا رپورٹ کے مطابق بگ باس 11 میں اس بار بھی عام افراد اور معروف شخصیات کی دو ٹیمیں بنائی جائیں گی، شو کی میزبانی بدستور سلمان خان کریں گے جبکہ اس بار بگ باس کا موضوع ’’پڑوسی‘‘ رکھا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق شو کے منتظمین نے ناظرین کی دلچسپی کو بڑھانے کے لیے جنس کی تبدیلی کے بعد لڑکی بننے والے ماڈل گورو اروڑا کو شرکت کی دعوت دی ہے۔

 

اطلاعات کے مطابق ایک زمانے میں بہترین مردانہ جسامت کے حامل گورو اروڑا اب ایک خوبصورت دوشیزہ کا روپ دھار چکے ہیں اور ان کی شخصیت مکمل طور پر تبدیل ہوچکی ہے۔ گورو نے اپنا نام تبدیل کرکے گوری اروڑا رکھ لیا ہے اور ان کا ایک بوائے فرینڈ بھی ہے جس کا نام پرتھ ہے۔

ممکنہ طور پر گوری اروڑا اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ ہی بگ باس 11 میں شرکت کریں گی، وہ معروف شخصیات کی ٹیم میں ہوں گی اور ان کے دوست پرتھ عام لوگوں کی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ اس سے قبل گوری اروڑا ’’اسپلٹ ولا‘‘ نامی ریئلٹی شو میں بھی شرکت کرچکی ہیں تاہم اس وقت وہ ایک مرد تھیں تاہم اس شو کے بعد ان کی شخصیت مکمل طور پر بدل چکی ہے۔