کمشنر گوجرانوالہ بیرون ملک، انکی گاڑی سے شراب برآمد، 2ڈرائیور گرفتار


سول لائن پولیس نے کمشنر گوجرانوالہ کی سرکاری گاڑی سے شراب کی بوتلیں برآمد کر لیں اور 2ڈرائیورز کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ڈی سی نے دو ڈرائیوروں کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا .

تفصیلات کے مطابق کمشنر گوجرانوالہ کیپٹن (ر) محمد آصف ان دنوں بیرون ملک میں ہیں جن کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈرائیور جاوید بھٹی اور شبیر سرکاری گاڑی نمبرجی اے جے 22میں شراب لیکر جا رہے تھے کہ سول لائن پو لیس نے مخبر کی اطلاع پر گزشتہ رات ناکہ بندی کر کے گاڑی کی تلاشی لی تو اندر سے دیسی شراب کی دو بوتلیں برآمد ہو گئیں جس پر پو لیس نے ملزمان کو شراب اور گاڑی سمیت تھانے منتقل کیا ، اور دونوں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے .

بعدازاں گاڑی کو چھوڑ دیا گیا، پو لیس نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوا دیا ہے، دوسری جانب قائم مقام کمشنر گوجر انوالہ ڈویڑن محمد عامرجان نے غیر قانونی اور منفی سر گرمیوں میں ملوث کمشنر آفس کے 2 ڈرائیوروں جاوید بھٹی اور شبیر کو فوری طور پر معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا ہے، انہوںنے کہا کہ ڈرائیوروں نے کمشنر گوجر انوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف کے بیرون ملک ہونے کے بعد ان کی سرکاری گاڑی کا غلط استعمال کیا، انکے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔