حز ب البحر کا نام شاید آپ نے سنا ہو .یہ وہ دعا ہے جو حضرت امام شاذلیؒ کے دل پرالقا ہوئی .
بہت سے اولیا ئے کریم اس دعا کی فضیلت سے مقام ولایت کی منازل طے کرگئے . یہ دعا صوفیاءمیں بہت مقبول ہے اور تمام سلاسل کے بزرگوں نے اس کو اپنایاہے. اس دعا کی فضیلت و اہمیت کا اندازہ حضرت ابوالحسن علی شاذلی ؒ کے اس ارشاد مبارکہ سے لگایا جا سکتا ہے .آپؒ فرماتے ہیں ” اس دعا کے الفاظ میں نے نہیں تراشے بلکہ ایک ایک حرف رسول اللہ ﷺ سے عطا ہوا اورمیں نے نہ صرف یہ کہ خود اس کو اپنے ورد میں رکھا اور اس کے ذریعے روحانی فیوض و برکات حاصل کئے بلکہ راہ سلوک طے کرنے والوں کے لئے اس کو عام کیا“
حزب البحردعاوں کا مجموعہ اور بہت مشہور معروف وظیفہ ہے . حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ حزب البحر کے بہت بڑے عامل تھے . آپؒ نے فارسی میں اسکی عالمانہ و عارفانہ شرح لکھی تھی جو ہوامع کے نام سے طبع ہو کر مقبولِ خاص و عام ہوئی تھی . آپ ؒ نے اس کتاب میں لکھا ”مجھے حضرت ابوالحسن شاذلیؒ کے مقام میں قائم کیا گیا ہے اور حزب البحر کے اسرار منکشف کئے گئے ہیں جو اختصار کے سا تھ اس کتاب میں لکھتا ہوں .تمام حقائق و معارف کیلئے تو ایک دفتر درکار ہے، ایک طالبِ صادق کے لئے اسی قدر معلومات کافی ہے جو میں نے ہوامع کے عنوان سے جمع کردی ہے“ میں نے اپنے مرشد کریم شہنشاہ جنات حجتۃ الا لسلام مفتی حضرت پیر محمد عابد سیفی کو یہ فرماتے سنا ہے کہ حز ب البحر جنات کے ہاں بھی مقبول وظیفہ ہے اور بڑے بڑے عالم فاضل جنات اس کو پڑھتے ہیں .برسوں پہلے ایک خاتون کو جنات کے قبضہ سے آزاد کراتے ہوئے معلوم ہوا کہ اس پر قابض جنّ بھی ایک عامل ہے اور حزب البحر کا وظیفہ بھی کرچکا ہے .اس نے انکشاف کیا کہ حزب البحر کی بدولت اسکی پروازعلم میں بے پناہ اضافہ ہوتا ہے،لیکن اس جنّ کی بدبختی یہ تھی کہ اس کا مرشد و راہبر کوئی نہیں تھا جس سے وہ اس علم کا غلط استعمال کرتا تھا .اللہ نے مجھے توفیق دی اور میں نے اس جنّ کو راہ ہدایت پر چلنے کا سبق دیا .آج کل وہ جنّ دیار نبیﷺ میں مقیم ہے اور خاکسارکے لئے دعا کرتا ہے.کہنے کا مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی روحانی وظیفہ بغیر کسی کامل راہبر کے سیکھنا نہیں چاہئے ورنہ انسان کے اندر رعونت پیدا ہوجاتی اور ضبط نفس ٹوٹتا رہتا ہے.جو انسان اس دعا کا عامل بن جاتا ہے اس پر حجابات اٹھ جاتے اور مخفی مخلوقات اسکے تابع ہوجاتی ہیں .دعائے حزب البحر جس گھر میں روزانہ پڑھی یا سنی جاتی ہے وہاں اللہ کی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے ،
شیاطین اس گھر سے بھاگتے ہیں .نیک ارواح پہرہ دیتی ہیں تاہم اس سلسلہ میں پاکیزگی اور خوشبویات کا اہتمام رکھنا لازم ہے کیونکہ نیک ارواح خوشبویات پسند فرماتی ہیں.ویسے بھی جس گھر میں خوشبویات کا اہتمام کیا جاتا ہے جیسا کہ اگر بتیوں کا جلانا جو کہ آج کے زمانہ میں مفقود ہوتا جارہا ہے وہاں غیر معمولی طور پر پاکیزگی ہوتی اور جراثیم بھی پیدا نہیں ہوتے . حزب البحر طویل دعا و وظیفہ ہے ،جو انٹرنیٹ پر بہت سے ممالک کے قرا ءحضرات و عاملین کی آوازوں میں موجود ہے .اگر آپ اسکو موبائل میں یا کمپیوٹر میں باآواز بلند لگا کر سنا کریں توگھر کے کونے کونے تک اسکی تاثیر پہنچتی ہے تو کونے کھدروں میں چھپی شییطانی مخلوقات دفعان ہوجاتی ہیں.میرے جن مریدوں کو عامل بننے کا ذوق اشتیاق ہوتا ہے اور میں سمجھتا ہوں وہ دل جمعی سے یہ فریضہ ادا کرسکتے ہیں، انہیں حزب البحر کا وظیفہ بھی تجویز کرتا ہوں .اس وظیفہ کے فیوض برکات لاتعداد ہیں ،ایسا انسان اپنے ظاہری و باطنی دشمنوں پا غالب آتا.رزق کی فراوانی ہوتی،بیماریوں سے محفوظ رہتا،مقدمات میں فتح ہوتی، اسکی ہر جائز مراد پوری ہوتی ہے.اللہ تعالیٰ ہم سب کو حفظ و امان میں رکھے.