کیا یہ ڈرون تھوڑا بڑا نہیں ہوسکتا تاکہ مجھے مکہ لے جائے؟افریقی بزرگ کی ایسی خواہش کہ ترک حکومت حرکت میں آگئی


جب بلاوا آتا ہے تو ناممکن بھی ممکن ہو جاتا ہے۔۔۔! پسماندہ افریقی ملک کے بزرگ کی ڈرون طیارے پر حج کی خواہش ترک حکومت کے ہاتھوں کیسے پوری ہوئی؟ تفصیلات کے مطابق جب بلاوا آتا ہے تو ناممکن بھی ممکن ہو جاتا ہے، اس بات پر مسلمان یقین رکھتے ہیں،روپیہ پیسہ ہونے کے باوجود اگر بلاوا نہیں آتا تو حاضری نصیب نہیں ہو سکتی اور جب اللہ کی طرف سے بلاوا آ جاتا ہے تو غریب اور مجبور لوگوں کے لیے بھی بڑے بڑے اسباب پیدا ہو جاتے ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ افریقہ کے ملک گھانا میں پیش آیا، گھانا کے رہائشی الحسن عبداللہ کو حاضری کے لیے بلاوا آیا تو اس کے اسباب ترکی میں پیدا

کیے۔ واقعہ کچھ یوں ہے کہ ترکی کا چینل ٹی آر ٹی اپنی ٹیم کے ساتھ ڈاکومینٹری کی شوٹنگ گھانا کے ایک گاؤں میں کر رہا تھا، دوران شوٹنگ ان کا ڈرون کیمرہ گر گیا، جو قریب موجود ایک دیہاتی الحسن عبداللہ نے اٹھا لیا، جب چینل کے یہ لوگ ڈرون لینے وہاں پہنچے تو الحسن عبداللہ نے ایک دلچسپ خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کیا یہ ڈرون تھوڑا بڑا نہیں ہوسکتا تاکہ یہ مجھے مکہ لے جائے۔ ترکی کے صحافی نے اس بزرگ دیہاتی کی یہ خواہش تصویر کے ساتھ ٹوئٹر پر شیئر کردی جو ترک سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔ جس کے بعد ترک حکومت نے فوری طور پر گھانا کے اس دیہاتی الحسن عبداللہ سے رابطہ کیا، پہلے اسے سرکاری خرچ پر پہلے ترکی بلایا گیا، ترکی میں اس کی خوب خاطر مدارت کی گئی اس کے بعد الحسن عبداللہ کو سرکاری خرچ پر حج پر روانہ کردیا گیا۔ ترکی کے اعلیٰ حکام نے انہیں استنبول ایئر پورٹ سے حج کے لیے روانہ کیا۔ سچ کہتے ہیں جب بلاوا آتا ہے تو ایسے آتا ہے کہ ناممکن بھی ممکن ہو جاتا ہے