محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ذی الحج کا چاند 22 اگست بروز منگل نظر آنے کا امکان ہے اور اس لحاظ سے ملک بھر میں عید الاضحی یکم ستمبر بروز جمعہ منائی جائے گی. محکمہ موسمیات کے افسر نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 22 اگست کو ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف ہونے کا امکان ہے جس کے باعث چند دیکھنے میں بھی آسانی ہو گی.
ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 22 اگست کو ہو گا. وزارت مذہبی امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ عبدالقدوس کے مطابق صوبائی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی 22 اگست کو ہی ہوں گے. انہوں نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کے تمام ممبران کو اجلاس میں شرکت کیلئے کراچی طلب کر لیا گیا ہے. جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا پشاور کی مسجد قاسم خان کی کمیٹی کے بھی کسی ممبر کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے تو انہوں نے نفی میں جواب دیا. واضح رہے کہ رواں سال وزارت مذہبی امور نے ملک بھر میں ایک ہی روز عیدالفطر منانے کیلئے بھرپور کوشش کی تھی اور اس مقصد کیلئے مسجد قاسم خان کی صوبائی کمیٹی کیساتھ بھی رابطہ کیا گیا تھا تاہم یہ تمام کوششیں اس وقت رائیگاں گئیں جب خیبرپختونخواہ اور فاٹا کے کئی علاقوں میں ایک روز قبل ہی عیدالفطر منائی گئی.