’جو مرد جلدی شادی کرلیتے ہیں وہ۔۔۔‘


دولت، کامیابی اور قابل رشک ازدواجی زندگی جیسی نعمتوں کے حصول کے لئے انسان کو بے حد تگ و دو کرنا پڑتی ہے، لیکن سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر آپ ان تینوں چیزوں کو باآسانی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو بس جلد شادی کرلیجئے۔
ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ شادی شدہ افراد کی ازدواجی صحت و مسرت غیر شادی شدہ افراد کی نسبت کہیں بہتر ہوتی ہے۔ انسٹیٹیوٹ آف فیملی سٹڈیز کی تحقیق کے مطابق غیر شادی شدہ افراد میں ازدواجی طمانیت کی شرح 36 فیصد سے لے کر 39 فیصد تک ہوتی ہے جبکہ شادی شدہ افرا دمیں یہ شرح 50 فیصد سے بھی زیادہ پائی گئی ہے۔

اسی طرح شادی شدہ افراد زیادہ محنت اور جانفشانی سے کام کرتے ہیں اور ان کی اوسط آمدنی غیر شادی شدہ افراد سے واضح طور پر زیادہ ہوتی ہے۔ تحقیق کار اسے ”میرج پریمیم “ کا نام دیتے ہیں، یعنی یہ وہ مثبت تبدیلی ہے جو شادی کی صورت میں ہی آتی ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق شادی شدہ افراد کی آمدنی غیر شادی شدہ افراد کی نسبت 10 سے 40 فیصد زیادہ ہوتی ہے جبکہ 50 سال کی عمر کو پہنچنے پر شادی شدہ افراد کے اثاثہ جات غیر شادی شدہ افراد کی نسبت تقریباً تین گنا زیادہ ہوتے ہیں۔ صرف ازدواجی طمانیت اور دولت ہی نہیں بلکہ صحت کے اعتبار سے بھی شادی شدہ افراد فائدے میں رہتے ہیں۔ شادی کے بعد میاں بیوی نہ صرف عمومی طور پر ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں بلکہ بیماری کی حالت میں بھی انہیں بہتر دیکھ بھال میسر ہوتی ہے۔ اس کا نتیجہ نہ صرف جسمانی صحت بلکہ بہتر ذہنی صحت کی صورت میں بھی برآمد ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ شادی شدہ افراد کی عمر غیر شادی شدہ افراد کی نسبت اوسطاً 10 سال زیادہ پائی گئی ہے۔