آپ کو بدنام زمانہ امریکی ایجنسی بلیک واٹر تو یاد ہوگی، لیکن اب یہ کیا کام کرنے جارہی ہے؟


نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ بدترین شکست سے دوچار ہونے کے بعد افغانستان سے اپنی زیادہ تر فوج نکال چکا ہے اور باقی ماندہ بھی نکالنے کے لیے بہانے تلاش کر رہا ہے لیکن بدنام زمانہ نجی ملٹری کمپنی ’بلیک واٹر‘ کے بانی نے افغان جنگ کے حوالے سے ایسی خواہش کا اعلان کردیا ہے جس سے ایک بار پھر افغانستان میں میدانِ کارزار گرم ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ ملٹری ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بلیک واٹر کے بانی ایرک پرنس نے کہا ہے کہ ”میں اپنی ذاتی ایئرفورس کو استعمال کرتے ہوئے افغانستان میں فضائی جنگ کی شدت بڑھانا چاہتا ہوں۔“

 افغان فوج کے سینئر عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایرک پرنس نے افغان فوج کو ایک بزنس تجویز پیش کی ہے جس میں انہوں نے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر افغان فوج چاہے تو وہ اپنی پرائیویٹ ایئرفورس کو طالبان اور دیگر شدت پسند گروپوں کے خلاف میدان میں اتارنے کو تیار ہیں۔واضح رہے کہ یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ افغانستان میں موجود اپنی بچی کھچی فوج بھی نکالنے اور ان کی جگہ پرائیویٹ کنٹریکٹرز کو دینے پر غور کر رہا ہے۔