خاتون کے ہاں ’حاملہ‘بچے کی پیدائش


ممبئی(نیوز ڈیسک) بھارت میں ایک ایسے عجیب الخلقت بچے کی پیدائش ہوئی ہے کہ جس نے عام لوگوں تو کیا ڈاکٹروں کو بھی حیرت میں مبتلاءکر دیا ہے۔ یہ بظاہر تو مکمل طور پر صحت مند ہے لیکن ڈاکٹر یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ اس کے جسم کے اندر اس کا جڑواں بھائی بھی موجود تھا۔
ننھے بچے کے جسم کے اندر موجود اس کے جڑواں بھائی کا جسم مکمل نہیں تھا تاہم اس کا دماغ، بازو اور ٹانگیں بن چکی تھیں جبکہ کچھ دیگر اعضاءبھی دیکھے جاسکتے تھے۔ بچے کی والدہ کی عمر 19 سال ہے اور اس کا تعلق تھین شہر کے علاقے ممبرا سے ہے۔ ہسپتال کے نمائندے نے بتایا کہ ماں اوربیٹا دونوں بخیریت ہیں۔

گائنا کالوجسٹ ڈاکٹر نینا نشلانی نے اس انوکھے واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا ”یہ ’مونو زائگوٹک جڑواں حمل‘ کا معاملہ ہے جس میں دو بچے ایک ہی آنول نال سے جڑے ہوتے ہیں اور ان کے جسم آپس میں مدغم ہوجاتے ہیں۔ ایسی صورت میں ایک بچہ دوسرے کے جسم کے اندر ہوتا ہے۔ عموماً ایسی صورت میں دونوں کا بچنا مشکل ہوجاتا ہے لیکن خوش قسمتی سے اس معاملے میں ایک بچہ مکمل طور پر صحت مند ہے۔ اس کے جسم میں موجود دوسرے بچے کا جسم چونکہ ابھی پوری طرح نہیں بنا تھا لہٰذا وہ مردہ پیدا ہوا ہے۔“