لندن (نیوز ڈیسک) برطانوی شہر کینٹ کے مشہور شاپنگ مال پرائمارک کی پارکنگ میں یک لخت زمین کے اندر بہت بڑا سوراخ نمودار ہوگیا، مگر اصل حیرت کی بات وہ پر اسرار چیز ہے جو اس سوراخ کے نیچے سے برآمد ہوئی ہے۔ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ اچانک نمودار ہونے والے اس گڑھے کے نیچے ایک صدی پرانی سرنگوں کا جال بچھا ہوا تھا۔
دی مرر کی رپورٹ کے مطابق ماہرین آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ یہ سرنگیں پہلی جنگ عظیم اول کے دوران تعمیر کی گئیں اور انہیں مختلف مواقع پر فضائی حملوں سے بچنے کے لئے حفاظتی بنکروں، برطانوی فوج کے مورچوں، اور بعد ازاں فراہمی آب کے لئے بھی استعمال کیا جاتا رہا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ دو سال قبل برطانوی وزارت دفاع سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ پہلی جنگ عظیم کے دوران زیر زمین تعمیر کی گئی سرنگوں کے بارے میں سرکاری دستاویزات جاری کی جائیں لیکن یہ معلومات عوام کو فراہم نہیں کی گئی تھیں۔
اب شاپنگ مال کی پارکنگ میں اچانک نمودار ہونے والے گڑھے نے یہ سارے راز کھول کر رکھ دئیے ہیں۔ اب یہ توقع بھی کی جارہی ہے کہ برطانوی حکومت زیر زمین سرنگوں کے جال کے تمام نقشہ جات میڈیا اور ماہرین کو جاری کردے گی تاکہ ان قدیم سرنگوں کے تمام نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جاسکے۔